Bal-e-Jibril · 57 of 179

ڈھُونڈ رہا ہے فرنگ عیشِ جہاں کا دوام

Allama Iqbal
Bahrمنسرح مثمن مطوی مکسوف
مفتَعِلن فاعلن مفتَعِلن فاعلن
arooz scans 14 of 14 lines

ڈھُونڈ رہا ہے فرنگ عیشِ جہاں کا دوام

وائے تمنّائے خام، وائے تمنّائے خام!

پیرِ حرم نے کہا سُن کے مری رُوئداد

پُختہ ہے تیری فغاں، اب نہ اسے دل میں تھام

تھا اَرِنی گو کلیم، میں اَرِنی گو نہیں

اُس کو تقاضا روا، مجھ پہ تقاضا حرام

گرچہ ہے افشائے راز، اہلِ نظر کی فغاں

ہو نہیں سکتا کبھی شیوۂ رِندانہ عام

حلقۂ صُوفی میں ذکر، بے نم و بے سوز و ساز

میں بھی رہا تشنہ کام، تُو بھی رہا تشنہ کام

عشق تری انتہا، عشق مری انتہا

تُو بھی ابھی ناتمام، میں بھی ابھی ناتمام

آہ کہ کھویا گیا تجھ سے فقیری کا راز

ورنہ ہے مالِ فقیر سلطنتِ روم و شام

Source: ur.wikisource.org (PD-Pakistan)

Public domain — Allama Iqbal died in 1938

English translation as given in the Iqbal Demystified dataset. A translation is a separate work: the poem’s public-domain status does not extend to it.