Bal-e-Jibril · 126 of 179
فرشتوں کاگیت
Allama Iqbal
Bahrرجز مثمن مطوی مخبون
مفتَعِلن مفاعلن مفتَعِلن مفاعلن
arooz scans 10 of 10 lines
عقل ہے بے زمام ابھی، عشق ہے بے مقام ابھی
نقش گرِ اَزل! ترا نقش ہے نا تمام ابھی
خلقِ خدا کی گھات میں رِند و فقیہ و مِیر و پیر
تیرے جہاں میں ہے وہی گردشِ صُبح و شام ابھی
تیرے امیر مال مست، تیرے فقیر حال مست
بندہ ہے کُوچہ گرد ابھی، خواجہ بلند بام ابھی
دانش و دِین و علم و فن بندگیِ ہُوس تمام
عشقِ گرہ کشاے کا فیض نہیں ہے عام ابھی
جوہرِ زندگی ہے عشق، جوہرِ عشق ہے خودی
آہ کہ ہے یہ تیغِ تیز پردگیِ نیام ابھی!