Bang-e-Dara · 8 of 172

ایک گائے اور بکری

Allama Iqbal
Bahrخفیف مسدس مخبون محذوف مقطوع
فاعلاتن مفاعلن فِعْلن
arooz scans 53 of 58 lines

اک چراگہ ہری بھری تھی کہیں

تھی سراپا بہار جس کی زمیں

کیا سماں اُس بہار کا ہو بیاں

ہر طرف صاف ندّیاں تھیں رواں

تھے اناروں کے بے شمار درخت

اور پیپل کے سایہ دار درخت

ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائیں آتی تھیں

طائروں کی صدائیں آتی تھیں

کسی ندّی کے پاس اک بکری

چَرتے چَرتے کہیں سے آ نکلی

جب ٹھہر کر اِدھر اُدھر دیکھاarooz could not scan this line

پاس اک گائے کو کھڑے پایا

پہلے جھُک کر اُسے سلام کیا

پھر سلیقے سے یوں کلام کیا

کیوں بڑی بی! مزاج کیسے ہیں

گائے بولی کہ خیر اچھّے ہیں

کٹ رہی ہے بُری بھلی اپنی

ہے مصیبت میں زندگی اپنی

جان پر آ بنی ہے، کیا کہیے

اپنی قِسمت بُری ہے، کیا کہیے

دیکھتی ہوں خدا کی شان کو مَیں

رو رہی ہوں بُروں کی جان کو مَیں

زور چلتا نہیں غریبوں کاarooz could not scan this line

پیش آیا لِکھا نصیبوں کا

آدمی سے کوئی بھلا نہ کرے

اس سے پالا پڑے، خدا نہ کرے

دُودھ کم دوں تو بڑبڑاتا ہے

ہوں جو دُبلی تو بیچ کھاتا ہےarooz could not scan this line

ہتھکنڈوں سے غلام کرتا ہے

کِن فریبوں سے رام کرتا ہے

اس کے بچوں کو پالتی ہوں مَیں

دُودھ سے جان ڈالتی ہوں مَیں

بدلے نیکی کے یہ بُرائی ہے

میرے اللہ! تری دُہائی ہے

سُن کے بکری یہ ماجرا سارا

بولی، ایسا گِلہ نہیں اچھّا

بات سچّی ہے بے مزا لگتی

مَیں کہوں گی مگر خدا لگتی

یہ چراگہ، یہ ٹھنڈی ٹھنڈی ہوا

یہ ہری گھاس اور یہ سایا

ایسی خوشیاں ہمیں نصیب کہاںarooz could not scan this line

یہ کہاں، بے زباں غریب کہاں!

یہ مزے آدمی کے دَم سے ہیں

لُطف سارے اسی کے دَم سے ہیں

اس کے دَم سے ہے اپنی آبادی

قید ہم کو بھلی کہ آزادی!

سَو طرح کا بَنوں میں ہے کھٹکا

واں کی گُزران سے بچائے خُداarooz could not scan this line

ہم پہ احسان ہے بڑا اس کا

ہم کو زیبا نہیں گِلا اس کا

قدر آرام کی اگر سمجھو

آدمی کا کبھی گِلہ نہ کرو

گائے سُن کر یہ بات شرمائی

آدمی کے گِلے سے پچھتائی

دل میں پرکھا بھلا بُرا اُس نے

اور کچھ سوچ کر کہا اُس نے

یوں تو چھوٹی ہے ذات بکری کی

دل کو لگتی ہے بات بکری کی

A small circle marks a line arooz could not fit to the poem’s bahr. That is a limit of arooz, not of the poet: the text may leave an izafat unwritten, a word may be missing from arooz’s dictionary, or the line may use a licence arooz does not yet model.

Source: ur.wikisource.org (PD-Pakistan)

Public domain — Allama Iqbal died in 1938

English translation as given in the Iqbal Demystified dataset. A translation is a separate work: the poem’s public-domain status does not extend to it.