مجھے پہلے تم اک نظر دیکھ لینا

محمود رامپوری

مجھے پہلے تم اک نظر دیکھ لینا

جدھر چاہے جی پھر ادھر دیکھ لینا

مرے جذب دل کا اثر دیکھ لینا

وہ خود آئیں گے میرے گھر دیکھ لینا

شب وصل تم چھوڑ کر مجھ کو جاؤ

مزا اس کا وقت سحر دیکھ لینا

کسی روز یہ تیر مژگاں تمہارا

کرے گا مرے دل میں گھر دیکھ لینا

تمہیں فتنۂ حشر کہتی ہے دنیا

کوئی تم سے اٹھے گا شر دیکھ لینا

مجھے روز در پر جو دیکھا تو بولے

غضب ہے تمہارا ابھی گھر دیکھ لینا

تمہیں قدر محمودؔ کی کچھ نہ آئی

ملے گا نہ ایسا بشر دیکھ لینا