دیکھی بہار ہم نے کل زور مے کدے میں

Naji Shakir

دیکھی بہار ہم نے کل زور مے کدے میں

ہنسنے سیں اوس سجن کے تھا شور مے کدے میں

تھے جوش مل سیں ایسی شورش میں داغ دل کے

گویا کہ کودتے ہیں یہ مور مے کدے میں

پھندا رکھا تھا میں نے شاید کہ وہ پری رو

دیکھے تو پاس میرے ہو دور مے کدے میں

ہے آرزو کہ ہم دم وہ ماہ رو ہو میرا

دے شام سیں جو پیالہ ہو بھور مے کدے میں

ساقی وہی ہے میرا ناجیؔ کہ گر مروں میں

مجھ واسطے بنا دے جا گور مے کدے میں