ہے عجب کچھ معاملہ دل کا
Ibraheem Aajizہے عجب کچھ معاملہ دل کا
کبھی نکلا نہ حوصلہ دل کا
تیری الفت کی راہ میں اے شوخ
لٹ گیا ہائے قافلہ دل کا
رشتۂ عشق جا ملاتا جا
تیری زلفوں سے سلسلہ دل کا
کیا بتاؤں کہ سامنے ان کے
زور کچھ بھی نہیں چلا دل کا
وصل کی شب نہ تم ملے کھل کر
رہ گیا دل میں ولولہ دل کا
ہر قدم پر شکست ہے واللہ
عشق سے کیا مقابلہ دل کا
جان دوں گا طلب میں اے عاجزؔ
آخری ہے یہ فیصلہ دل کا