دشت وغا میں نور خدا کا ظہور ہے
Mir Anees (1803–1874)دشت وغا میں نور خدا کا ظہور ہے
ذروں میں روشنئ تجلئ طور ہے
اک آفتاب رخ کی ضیا دور دور ہے
کوسوں زمین عکس سے دریائے نور ہے
اللہ رے حسن طبقۂ عنبر سرشت کا
میدان کربلا ہے نمونہ بہشت کا
حیراں زمیں کے نور سے ہے چرخ لاجورد
مانند کہربا ہے رخ آفتاب زرد
ہے روکش فضائے ارم وادی نبرد
اٹھتا ہے خاک سے تتق نور جائے گرد
حیرت سے حاملان فلک ان کو تکتے ہیں
ذرے نہیں زمیں پہ ستارے چمکتے ہیں
ہے آب نہر صورت آئینہ جلوہ گر
تاباں ہے مثل چشمۂ خورشید ہر بھنور
لہریں بسان برق چمکتی ہیں سر بہ سر
پانی پہ مچھلیوں کی ٹھہرتی نہیں نظر
یہ آب و تاب ہے کہ گہر آب آب ہیں
دریا تو آسماں ہیں ستارے حباب ہیں
پرتو فگن ہوا جو رخ قبلۂ انام
مشہور ہو گئی وہ زمیں عرش احتشام
اور سنگ ریزے در نجف بن گئے تمام
صحرا کو مل گیا شرف وادی السلام
کعبہ سے اور نجف سے بھی عزت سوا ہوئی
خاک اس زمین پاک کی خاک شفا ہوئی
پھیلا جو نور مہر امامت دم زوال
ذروں سے واں کے آنکھ ملانا ہوا محال
سارے نہال فیض قدم سے ہوئے نہال
اختر بنے جو پھول تو شاخیں بنیں ہلال
پتے تمام آئینۂ نور ہو گئے
صحرا کے نخل سب شجر طور ہو گئے
غل تھا زہے حسین کی شوکت زہے وقار
گویا کھڑے ہیں جنگ کو محبوب کردگار
رخ سے عیاں ہے دبدبۂ شاہ ذو الفقار
ہے نور حق جبین منور سے آشکار
کیونکر چھپے نہ ماہ دوہفتہ حجاب سے
چودہ طبق میں نور ہے اس آفتاب سے
یہ روئے روشن اور یہ گیسوئے مشک فام
یاں شام میں تو صبح ہے اور صبح میں ہے شام
ہالے میں یوں نظر نہیں آتا ہے مہ تمام
قدرت خدا کی نور کا ظلمت میں ہے مقام
زلفوں میں جلوہ گر نہیں چہرہ جناب کا
ہے نصف شب میں آج ظہور آفتاب کا
قرباں کمان ابروئے مولا پہ جان و دل
گر ماہ نو کہیں تو ہے تشبیہ مبتذل
چشم غزال دشت ختن چشم سے خجل
دیکھا جسے کرم سے خطائیں ہوئیں بحل
پتلی بسان قبلہ نما بے قرار ہے
گریاں ہیں وہ یہ گردش لیل و نہار ہے
رخسار ہیں ضیا میں قمر سے زیادہ تر
جن پر ٹھہر سکی نہ کبھی شمس کی نظر
ریش مخضب اور یہ رخ شاہ بحر و بر
پیدا ہیں صاف معنی و اللیل و القمر
قرآن سے عیاں ہے بزرگی امام کی
کھائی قسم خدا نے اسی صبح و شام کی
کس منہ سے کیجئے لب جان بخش کا بیاں
چوسی جنہوں نے احمد مختار کی زباں
کیا در آب دار ہیں اس درج میں نہاں
گویا کہ موتیوں کا خزانہ ہے یہ دہاں
ذرے زمیں پہ عکس سے سارے چمک گئے
جس وقت یہ کھلے تو ستار چمک گئے
شمع حریم لم یزل تھا گلوئے شاہ
تاریک شب میں جیسے ہویدا ہو نور ماہ
اے چرخ بے مدار یہ کیسا ستم ہے آہ
شمشیر شمر اور محمد کی بوسہ گاہ
جس پر رسول ہونٹوں کو ملتے ہوں پیار سے
کٹ جائے کربلا میں وہ خنجر کی دھار سے
منظور یاں تھی مدح گلوئے شہ امم
یاد آ گئی مگر یہ حدیث غم و الم
مسجد میں جلوہ گر تھے رسول فلک حشم
ملتے تھے ذکر حق میں لب پاک دم بہ دم
روشن تھے بام و در رخ روشن کے نور سے
آئینہ بن گئی تھی زمیں تن کے نور سے
تھا جو ستوں کہ رکن رسالت کا تکیہ گاہ
کرسی بھی اس کی پشت کی تھی ڈھونڈھتی پناہ
تھا جس حصیر پر وہ دو عالم کا بادشاہ
حسرت سے عرش کرتا تھا اس فرش پر نگاہ
اوج زمیں بہشت بریں سے دو چند تھا
منبر کا نہ فلک سے بھی پایہ بلند تھا
اصحاب خاص گرد تھے انجم کی طرح سب
تاباں تھا بیچ میں وہ مہ ہاشمی لقب
سر پر ملک صفات مگس راں تھے دو عرب
جبریل تہ کیے ہوئے تھے زانوئے ادب
خادم بلال و قنبر گروں اساس تھا
نعلین اس کے پاس عصا اس کے پاس تھا
گیسو تھے وہ مفسر و اللیل اذا سجا
رخ سے عیاں تھے معنی و الشمس و الضحا
وہ ریش پاک اور رخ سردار انبیا
گویا دھرا تھا رحل پہ قرآں کھلا ہوا
اوڑھے سیہ عبا جو وہ عالم پناہ تھا
کعبہ کا صاف حاجیوں کو اشتباہ تھا
پہلو میں بادشاہ کے تھا جلوہ گر وزیر
سردار دیں علی ولی خلق کا امیر
دونوں جہاں میں کوئی نہ دونوں کا تھا نظیر
احمد تھے آفتاب تو حیدر مہ منیر
ظاہر میں ایک نور کا دو جا ظہور تھا
گر غور کیجیے تو وہی ایک نور تھا
مصروف وعظ و پند تھے سلطان مشرقین
جو گھر سے نکلے کھیلتے زہرا کے نور عین
نانا بغیر دونوں نواسوں کو تھا نہ چین
بڑھ جاتے تھے حسن کبھی آگے کبھی حسین
کہتے تھے دیکھیں کون قدم جلد اٹھاتا ہے
نانا کے پاس کون بھلا پہلے جاتا ہے
وہ گورے گورے چہروں پہ زلفیں ادھر ادھر
اختر سے وہ چمکتے ہوئے کان کے گہر
رشک ہلال طوق گلے غیرت قمر
ہیکل پہ نقش نام خدائے جلیل کے
تعویذ گردنوں پہ پر جبرئیل کے
مسجد میں آئے ہنستے ہوئے جب وہ گل بدن
خوشبو سے صحن مسجد جامع بنا چمن
تسلیم کو حسین سے پہلے جھکے حسن
خوش ہو کے مسکرانے لگے سرور زمن
بڑھ بڑھ کے خم سلام کو چھوٹے بڑے ہوئے
بیٹھے رہے رسول ملک اٹھ کھڑے ہوئے
بیٹوں کو تھا علی کا اشارہ کہ بیٹھ جاؤ
لازم نہیں کہ وعظ میں نانا کو تم ستاؤ
پھیلا کے ہاتھ بولے محمد کہ آؤ آؤ
شبیر نے کہا ہمیں پہلے گلے لگاؤ
بھائی حسن جو آپ کی گودی میں آئیں گے
ہم تم سے نانا جان ابھی روٹھ جائیں گے
بولے حسن کہ واہ ہمیں اور کریں نہ پیار
اقرار کے چکے ہیں شہنشاہ نام دار
بولے بہ چشم نم یہ حسین فلک وقار
دیکھیں تو کون کاندھے پہ ہوتا ہے اب سوار
سب سے سوا جو ہیں سو ہمیں ان کے پیارے ہیں
آگے نہ بڑھیے آپ کہ نانا ہمارے ہیں
بھائی سے تب کہا یہ حسن نے بہ التفات
بے وجہ ہم سے روٹھے ہو تم اے نکو صفات
نانا ہمارے کیا نہیں سلطان کائنات
ہوتی ہے ناگوار تمہیں تو ذرا سی بات
غصہ نہ اتنا چاہیئے خوش خو کے واسطے
مچلے تھے یوں ہی بچۂ آہو کے واسطے
یہ سن کے منہ علی کا لگے دیکھنے رسول
ہنس کر کہا یہ دونوں ہیں میرے چمن کے پھول
میں چاہتا ہوں ایک کی خاطر نہ ہو ملول
روئیں گے یہ تو گھر سے نکل آئے گی بتول
ہووے نہ رنج میرے کسی نور عین کو
تم لو حسن کو گود میں میں لوں حسین کو
شبر سے پھر اشارہ کیا ہو کے بے قرار
غصہ نہ کھاؤ پہلے تمہیں کو کریں گے پیار
پھر بولے دیکھ کر سوئے شبیر نامدار
آ اے حسین آ تری باتوں کے میں نثار
چھاتی سے ہم لگائیں گے جان اپنی جان کر
دیکھیں تو پہلے کون لپٹتا ہے آن کر
دوڑے یہ بات سن کے برابر وہ خوش سیر
پاس آئے آفتاب رسالت کے دو قمر
لپٹے حسین ہنس کے ادھر اور حسن ادھر
تھے پانوں زانوؤں پہ تو بالائے دوش سر
نانا کے ساتھ پیار میں دونوں کا ساتھ تھا
گردن میں ایک ان کا اور ان کا ہاتھ تھا
پھر پھر کے دیکھتے تھے شہنشاہ مشرقین
گہہ جانب حسن تو کبھی جانب حسین
بیٹھے جو زانوؤں پہ وہ زہرا کے نور عین
تھا تن کو لطف قلب کو راحت جگر کو چین
جھک جھک کے منہ رسول زمن چومنے لگے
ان کا گلا تو ان کا دہن چومنے لگے
شبیر چاہتے تھے کہ چومیں مرے بھی لب
پر کچھ گلے کے بوسوں کا کھلتا نہ تھا سبب
نانا کے منہ کے پاس یہ لاتے تھے منہ کو جب
جھک جھک کے چومتے تھے گلا سید عرب
بھائی کو دیکھ کر جو حسن مسکراتے تھے
غیرت سے ان کی آنکھوں میں آنسو بھر آتے تھے
اٹھے حسین زانوئے احمد سے خشمگیں
غصے سے رنگ زرد اور آنکھوں پہ آستیں
رخ پر پسینہ جسم میں رعشہ جبیں پہ چیں
پوچھا کدھر چلے تو یہ بولے کہیں نہیں
گھر میں اکیلے تیوری چڑھائے چلے گئے
دیکھا نہ پھر کے سر کو جھکائے چلے گئے
بیت الشرف میں آئے جو شبیر نام دار
کرتے کو منہ پہ رکھ کے لگے رونے زارزار
دوڑیں یہ کہہ کے فاطمہ زہرا جگر فگار
ہے ہے حسین کیا ہوا تو کیوں ہے اشک بار
تجھ کو رلا کے غم میں مجھے مبتلا کیا
قربان ہو گئی تجھے کس نے خفا کیا
میرا کلیجہ پھٹتا ہے اے دل ربا نہ رو
زہرا ہزار جان سے تجھ پہ فدا نہ رو
سر میں نہ درد ہو کہیں اے مہ لقا نہ رو
بس بس نہ رو حسین برائے خدا نہ رو
میری طرف تو دیکھو کہ بیتاب ہوتی ہوں
چادر سے منہ کو ڈھانپ کے لو میں بھی روتی ہوں
تو منہ تو کھول اے مرے شبیر خوش خصال
تر ہو گئے ہیں آنسوؤں سے گورے گورے گال
مل مل کے پشت دست سے آنکھ کرو نہ لال
سلجھاؤں آؤ الجھے ہوئے گیسوؤں کے بال
گھر سے گئے تھے ساتھ جدا ہو کے آئے ہو
سمجھی میں کچھ حسن سے خفا ہو کے آئے ہو
تم چپ رہو وہ گھر میں تو مسجد سے پھر کے آئیں
گزری میں کھیل سے مرے بچے کو کیوں رلائیں
ان سے نہ بولیو وہ تمہیں لاکھ گر منائیں
لو آؤ جانے دو تمہیں چھاتی سے ہم لگائیں
واری اگر حسن نے رلایا برا کیا
پوچھوں گی کیا نہ میں مرے پیارے نے کیا کیا
بولے حسین ہم تو ہیں اس بات پر خفا
نانا نے چومے بھائی کے ہونٹ اور مرا گلا
تم اماں جان منہ کو تو سونگھو مرے ذرا
کچھ بوئے ناگوار ہے میرے دہن میں کیا
بھائی کے لب سے اپنے لبوں کو ملاتے ہیں
اب ہم نہ جائیں گے ہمیں نانا رلاتے ہیں
منہ رکھ کے منہ پہ بولی یہ زہرا جگر فگار
بوئے گلاب آتی ہے اے میرے گلغدار
چوما اگر گلا تو خفا ہو نہ میں نثار
تم کو زباں چوساتے تھے محبوب کردگار
یہ مشک میں مہک نہ گل یاسمن میں ہے
خوش بو اسی دہن کی تمہارے دہن میں ہے
کہنے لگے حسین یہ ماں سے بہ چشم نم
کیا جانو تم حسن سے ہمیں چاہتے ہیں کم
یہ کیا انہیں پہ لطف و عنایت ہے دم بہ دم
معلوم ہو گیا انہیں پیارے نہیں ہیں ہم
رو رو کے آج جان ہم اپنی گنوائیں گے
پانی نہ اب پئیں گے نہ کھانے کو کھائیں گے
یہ بات سن کے ہو گیا زہرا کا رنگ فق
بولی پسر سے رو کے وہ بنت رسول حق
صدقے گئی کرو نہ کلیجے کو میرے شق
ہے ہے یہ کیا کہا مجھے ہوتا ہے اب قلق
میرا لہو بہے گا جو آنسو بہاؤ گے
کاہے کو ماں جیے گی جو کھانا نہ کھاؤگے
یہ کہہ کے اوڑھ لی سر پر نور پر ردا
موزے پہن کے گود میں شبیر کو لیا
در تک گئی جو گھر سے وہ دل بند مصطفا
فضہ نے بڑھ کے بوزر و سلماں کو دی صدا
پیش نبی حسین کو گودی میں لاتی ہیں
ہٹ جاؤ سب کہ فاطمہ مسجد میں آتی ہیں
اللہ رے آمد آمد زہرا کا بندوبست
ساتوں فلک تھے اوج شرافت سے جس کے پست
احمد کے گرد و پیش سے اٹھے خدا پرست
انساں تو کیا ملک کو نہ تھی قدرت نشست
آئیں تو شاد شاد رسول زمن ہوئے
گھر میں خدا کے ایک جگہ پنج تن ہوئے
تعظیم فاطمہ کو اٹھے سید البشر
دیکھا کہ چشم فاطمہ ہے آنسوؤں سے تر
غم تھے حسین دوش پہ ماں کے جھکائے سر
تھا اک ہلال مہر کے پہلو میں جلوہ گر
ماں کہتی تھی نہ رؤو مگر چپ نہ ہوتے تھے
آنکھیں تھیں بند ہچکیاں لے لے کے روتے تھے
گھبرا کے پوچھنے لگے محبوب ذو الجلال
روتا ہے کیوں حسین یہ کیا ہے تمہارا حال
بولیں بتول آج قلق ہے مجھے کمال
رویا ہے یہ حسین کہ آنکھیں ہیں دونوں لال
آتے ہیں ہنستے روتے ہوئے گھر میں جاتے ہیں
شفقت بھی آپ ہی کرتے ہیں آپ ہی رلاتے ہیں
ہاتھوں کو جوڑتی ہوں میں یا شاہ بحر و بر
شفقت کی اس کے حال پہ ہر دم رہے نظر
رونے سے اس کے ہوتا ہے ٹکڑے مرا جگر
مجھ فاقہ کش غریب کا پیارا ہے یہ پسر
حیدر سے پوچھیے مرے عسرت کے حال کو
کس کس دکھوں سے پالا ہے اس نونہال کو
اشک اس کے جتنے ٹپکے ہیں یا شاہ نیک خو
اتنا ہی گھٹ گیا ہے مرے جسم کا لہو
روئے ہیں پھوٹ پھوٹ کے یہ میرے رو بہ رو
تر ہو گیا ہے آنسوؤں سے چاند سا گلو
دیکھا نہ تھا یہ میں نے جو حال اس کا آج ہے
حضرت تو جانتے ہیں کہ نازک مزاج ہے
شفقت سے آج آپ نے چومے حسن کے لب
بوسہ لیا نہ ان کے لبوں کا یہ کیا سبب
رتبے میں دونوں ایک ہیں یا سرور عرب
میں سچ کہوں یہ سن کے مجھے بھی ہوا عجب
اس کو جو ہو خوشی تو دل اس کا بھی شاد ہو
چھوٹے سے چاہیئے کہ محبت زیاد ہو
آپ ان کے ناز اٹھاتے ہیں یا شاہ بحر و بر
پھر کس سے روٹھیں آپ سے روٹھیں نہ یہ اگر
اکثر انہیں چڑھایا ہے حضرت نے دوش پر
گیسو دئیے ہیں ننھے سے ہاتھوں میں بیشتر
روٹھے تھے یہ سو قدموں پہ سر دھرنے آئے ہیں
منہ کے نہ چومنے کا گلا کرنے آئے ہیں
یہ کہہ کے پھر حسین سے بولیں بہ چشم تر
لو جا کے اب نبی کے قدم پر جھکاؤ سر
آئے حسین ہاتھ جو ننھے سے جوڑ کر
بے اختیار رونے لگے سید البشر
رہ رہ کے دیکھتے تھے علی و بتول کو
نزدیک تھا قلق سے غش آئے رسول کو
تھی آنسوؤں سے ریش مبارک تمام نم
فرط بکا سے خاک پہ جھکتے تھے دم بہ دم
گاہے ستوں سے لگ کے ہوئے راست گاہ خم
ہر لحظہ اضطراب زیادہ تھا صبر کم
ہو سکتا تھا نہ ضبط شۂ مشرقین سے
روتے تھے بار بار لپٹ کر حسین سے
شبیر رو کے کہتے تھے نانا نہ روئیے
روئیں گے اب نہ ہم شۂ والا نہ روئیے
ہلنے لگے گا عرش معلےٰ نہ روئیے
پھٹتا ہے اب ہمارا کلیجہ نہ روئیے
سو بار دن میں ہم تو منہ اشکوں سے دھوتے ہیں
حضرت ہمارے رونے پہ کاہے کو روتے ہیں
گھبرا گئے علی ولی شاہ بحر و بر
کی عرض فاطمہ نے جھکا کے قدم پہ سر
بیٹی نثار ہو گئی یا سید البشر
کیا وجہ ہے جو آپ ہیں اس طرح نوحہ گر
جلدی بتائیے کہ مجھے تاب اب نہیں
رونا خدا کے دوست کا یہ بے سبب نہیں
حضرت کو علم غیب ہے یا شاہ انس و جاں
آئندہ و گزشتہ کا سب حال ہے عیاں
کیا آئی آج وحی خداوند دو جہاں
ہونا ہے جو حسین پہ مجھ سے کرو بیاں
فاقوں سے کاٹتی ہوں مصیبت جہان کی
کیوں بابا جان خیر تو ہے اس کی جان کی
بولے جگر کو تھام کے محبوب ذو الجلال
تجھ سے سنا نہ جائے گا اے فاطمہ یہ حال
کس منہ سے میں کہوں کہ قلق ہے مجھے کمال
زہرا شہید ہوئے ہوویں گے تیرے یہ دونوں لال
ماتم کی یہ خبر ابھی جبریل لائے تھے
سارے ملک حسین کے پرسے کو آئے تھے
الماس پی کے ہوئے گا بے جاں ترا حسن
یہ وجہ ہے کہ چومتا ہوں اس کا میں دہن
بھر جائے گا کلیجوں کے ٹکڑوں سے سب لگن
ہوگا زمردی ترے اس لال کا بدن
سوئے بہشت جب یہ جہاں سے سدھاریں گے
بد کیش تیر اس کے جنازے پہ ماریں گے
زہرا مجھے کلام کی طاقت نہیں ہے اب
حلق حسین چومنے کا کیا کہوں سبب
اک بن میں تین روز رہیں گے یہ تشنہ لب
کٹ جائے گا گلا یہی خنجر سے ہے غضب
نیزے پہ سر چڑھے گا ترے نور عین کا
گھوڑوں سے روند ڈالیں گے لاشہ حسین کا
روئے خبر یہ کہہ کے جو محبوب ذو المنن
گھبرا کے منہ حسین کا تکنے لگے حسن
زہرا پکاری ہائے لٹے گا مرا چمن
میں مر گئی دہائی ہے یا سرور زمن
یہ کیسی آگ ہے کہ مری کوکھ جل گئی
ہے ہے چھری کلیجے پہ زہرا کے چل گئی
فریاد یا نبی شۂ ابرار الغیاث
اے مرسلان حق کے مددگار الغیاث
اے بے کسوں کے وارث و سردار الغیاث
قدرت ہے سب طرح کی شۂ مشرقین کو
حضرت سے لوں گی اپنے حسن اور حسین کو
کس جرم پر یہ لال مرے قتل ہوں گے آہ
رو کر کہا رسول خدا نے کہ بے گناہ
کی عرض فاطمہ نے کہ اے عرش بارگاہ
بچوں کو میرے کیا نہ ملے گی کہیں پناہ
تلواریں کھینچ کھینچ کے ظالم جو آئیں گے
حضرت نہ کیا نواسوں کو اپنے بچائیں گے
آساں ہے کیا جو قتل کریں گے ستم شعار
کیا شیر حق کمر سے نہ کھینچیں گے ذو الفقار
اعدا پہ کیا چلے گا نہ دست خدا کا وار
بالوں کو کیا نہ کھولے گی زہرا جگر فگار
ٹکڑے جگر جو ہوئے گا مجھ دل دو نیم کا
پایہ نہ کیا ہلاؤں گی عرش عظیم کا
زہرا سے رو کے کہنے لگے شاہ نیک خو
بیٹی مجھے ستائیں گے تربت میں کینہ جو
اس وقت قتل ہوئیں گے یہ دونوں ماہ رو
دنیا میں جب نہ ہوگا علی اور نہ میں نہ تو
لاشے پہ مجتبیٰ کے تو شبیر روئے گا
شبیر جب مرے گا تو کوئی نہ ہوئے گا
چلائی سر پٹک کے یہ زہرا کہ ہے ستم
پیٹے گا کون تن سے جو نکلے گا اس کا دم
ماتم کی صف بچھائے گا کون اے شہ امم
پرسے کو کون آئے گا اس کے بہ چشم نم
ہم میں سے ایسے وقت جو کوئی نہ ہوئے گا
ہے ہے مرے حسین کو پھر کون روئے گا
بچے کی میرے تعزیہ داری کرے گا کون
منہ ڈھانپ ڈھانپ گریہ و زاری کرے گا کون
دریائے اشک چشم سے جاری کرے گا کون
امداد بعد مرگ ہماری کرے گا کون
ہوگا کہاں نبی کے نواسے کا فاتحہ
شربت پہ کون دیوے گا پیاسے کا فاتحہ
بولے نبی کہ آپ کو زہرا نہ کر ہلاک
فرما چکا ہے مجھ سے یہ وعدہ خدائے پاک
پیدا کریں گے قوم اک ایسی بہ روئے خاک
جو رات دن رہیں گے اسی غم میں درد ناک
بزم عزا میں آئیں گے وہ دور دور سے
تن خاک سے بنائیں گے دل ان کے نور سے
ہوگی انہیں سے مجلس ماتم کی زیب و زین
دیں گے انہیں وہ لب کہ رہے جس پہ وا حسین
آنکھیں وہ دیں گے رونے کو سمجھیں جو فرض عین
ہاتھ ایسے غیر سینہ زنی ہو جنہیں نہ چین
سامان تعزیت کے کبھی کم نہ ہوئیں گے
وہ حشر تک حسین کے ماتم میں روئیں گے
ہوگا عیاں فلک پہ محرم کا جب ہلال
رخت سیاہ پہنیں گے بر میں وہ خوش خصال
کھولیں گی بیبیاں بھی سب اپنے سروں کے بال
ہر گھر میں ہوگا شور کہ ہے ہے علی کا لال
لیں گے صلے میں خلد ترے نور عین سے
آنسو عزیز وہ نہ کریں گے حسین سے
پیاسا شہید ہوگا جو تیرا یہ دل ربا
مومن سبیلیں رکھیں گے پانی کی جا بجا
ہووے گی شاد روح شہیدان کربلا
بھر بھر کے آب سرد پکاریں گے برملا
محبوب کبریا کے نواسے کی نذر ہے
پیاسے نہ جائیو کہ یہ پیاسے کی نذر ہے
کہنے لگی نبی سے بتول فلک جناب
ہے ہے میں کیا کروں مرے دل کو نہیں ہے تاب
اے بادشاہ کون و مکاں مالک الرقاب
درگاہ حق میں آپ کی ہے عرض مستجاب
کیجے دعا کہ خالق اکبر مدد کرے
اللہ یہ بلا مرے بچے کی رد کرے
بیٹی سے رو کے کہنے لگے شاہ کائنات
روح الامیں نے مجھ سے تو یہ بھی کہی ہے بات
چاہو تو رد کرے یہ بلا رب پاک ذات
لیکن نہ ہوے گی مرے امت کی پھر نجات
محبوب حق نثار ترے نور عین پر
موقوف ہے یہ امر تو قتل حسین پر
اللہ رے صبر دختر محبوب کردگار
امت کا نام سن کے جھکایا سر ایک بار
خوشنود ہو کے کہنے لگے شاہ ذوالفقار
صدقے حسن حسین تصدق علی نثار
اس راہ میں نہ مال نہ دولت عزیز ہے
پیارے پسر نہیں ہمیں امت عزیز ہے
کہنے لگے حسین سے پھر شاہ بحر و بر
بتلا مجھے کہ کیا تری مرضی ہے اے پسر
نانا سے بولے چھوٹے سے ہاتھوں کو جوڑ کر
امت کے کام آئے تو حاضر ابھی ہے سر
وعدہ کو ہم نہ بھولیں گے گو خورد سال ہیں
چھوٹے نہیں ہیں مخبر صادق کے لال ہیں
روتے ہیں آپ کس لیے یا سید امم
راضی ہیں ہم پہ راہ خدا میں ہوں جو ستم
تلواریں بھی چلیں تو نہیں مارنے کے دم
امت پہ اپنے سر کو تصدق کریں گے ہم
ہم راست گو ہیں بات پہ جس وقت آتے ہیں
کہتے ہیں جو زباں سے وہی کر دکھاتے ہیں
بچپن میں جو زباں سے کہا تھا کیا وہ کام
جس وقت رن میں ٹوٹ پڑے شہ پہ فوج شام
گردن جھکا کے برچھیاں کھایا کیے امام
خوں میں قبا رسول کی تر ہو گئی تمام
تیغیں علی کے لال کے شانے پہ چل گئیں
چھاتی کے پار نیزوں کی نوکیں نکل گئیں
پھیری نہ تھی جو پشت مبارک دم مصاف
تھے دو ہزار زخم فقط سر سے تا بہ ناف
سید سے بے وطن سے زمانہ تھا بر خلاف
غل تھا کہ آج ہوتا ہے گھر فاطمہ کا صاف
سنبھلا نہ جائے گا خلف بو تراب سے
لو وہ قدم حسین کے نکلے رکاب سے
مینہ کی طرح برسنے لگے شاہ دیں پہ تیر
تھرا رہے تھے لگ کے تن نازنیں پہ تیر
دامن پہ تیر جیب پہ تیر آستیں پہ تیر
پہلو پہ تیغ سینہ پہ نیزہ جبیں پہ تیر
داغوں سے خوں کے رخت بدن لالہ زار تھا
شکل ضریح سینۂ اقدس فگار تھا
تر تھی لہو میں زلف شکن در شکن جدا
مجروح لعل لب تھے جدا اور دہن جدا
درپئے تھے نیزہ دار جدا تیغ زن جدا
کٹ کٹ کے ہو گیا تھا ہر اک عضو تن جدا
سی پارہ تھا نہ صدر فقط اس جناب کا
پرزے ورق ورق تھا خدا کی کتاب کا
کرتا تھا وار برچھیوں والوں کا جب پرا
تیغوں سے دم بھی لینے کی مہلت نہ تھی ذرا
نیزوں میں خوں نبی کے نواسے کا تھا بھرا
شمشیر و تیر نیزہ و خنجر کے ماورا
تھیں سختیاں ستم کی شہ خوش خصال پر
چلتے تھے سنگ فاطمہ زہرا کے لال پر
تھے دو ہزار جسم شۂ بحر و بر پہ زخم
ماتھے پہ زخم تیر کے تیغوں کے سر پہ زخم
گردن پہ زخم سینہ پہ زخم اور کمر پہ زخم
اور اس کے ماورا تھے بہتر جگر پہ زخم
گھوڑے پہ گہہ سنبھلتے تھے گہہ ڈگمگاتے تھے
غش آتا تھا تو ہرنے پہ سر کو جھکاتے تھے
گھوڑے پہ جب سنبھلنے کی مطلق رہی نہ تاب
ہاتھوں سے باگ چھوٹ گئی اور پاؤں سے رکاب
گرنے لگا جو خاک پہ وہ آسماں جناب
مرقد میں بے قرار ہوئی روح بو تراب
غل تھا کہ خاک پر شہ کون و مکاں گرا
بس اب زمیں الٹ گئی اور آسماں گرا
جلتی ہوئی زمیں پہ تڑپنے لگے امام
بے کس پہ ظالموں نے کیا اور اژدہام
اس وقت شمر سے یہ عمر نے کیا کلام
ہاں تن سے جلد کاٹ سر سرور انام
ڈریو نہ سن کے فاطمہ زہرا کی آہ کو
گل کر دے شمع قبر رسالت پناہ کو
یہ سنتے ہی چڑھائی ستمگر نے آستیں
خنجر کمر سے کھینچ کے آگے بڑھا لیں
تھے قبلہ رو جھکے ہوئے سجدے میں شاہ دیں
لب ہلتے دیکھے شاہ کے آیا وہ جب قریں
سمجھا کہ تشنگی سے جو صدمے گزرتے ہیں
اس وقت بد دعا مجھے شبیر کرتے ہیں
جھک کر قریب کان جو لایا تو یہ سنا
حق میں گناہ گاروں کے کرتے ہیں شہ دعا
جاری زبان خشک پہ یہ ہے کہ اے خدا
کر حاجتوں کو میرے محبوں کی تو روا
شیعوں کا حشر روز جزا میرے ساتھ ہو
میرا یہ خوں بہا ہے کہ ان کی نجات ہو
یہ سن کے مستعد ہوا وہ شہ کے قتل پر
زانو رکھا حسین کے سینے پہ بے خطر
گردن پہ پھیرنے لگا خنجر جو بد گہر
آئی صدا علی کی کہ ہے ہے مرے پسر
زہرا پکاری کچھ بھی نبی سے حجاب ہے
ظالم یہ بوسہ گاہ رسالت مآب ہے
کیوں ذبح میرے لال کو کرتا ہے بے گناہ
کیوں کاٹتا ہے میرے کلیجے کو رو سیاہ
کشتی کو اہل بیت نبی کی نہ کر تباہ
میں فاطمہ ہوں عرش ہلائے گی میری آہ
ہوئے گا حشر قتل جو یہ بے وطن ہوا
یہ مر گیا تو خاتمہ پنج تن ہوا
آواز اپنی ماں کی یہ زینب نے جب سنی
دوڑی نکل کے خیمے سے سر پیٹتی ہوئی
دیکھا کہ ذبح کرتا ہے حضرت کو وہ شقی
سر پیٹ کر یہ کہنے لگی وہ جگر جلی
ہے ہے نہ تین روز کے پیاسے کو ذبح کر
ظالم نہ مصطفی کے نواسے کو ذبح کر
بانو پکارتی تھی یہ کیا کرتا ہے لعیں
پیاسا ہے تین روز سے حیدر کا جا نشیں
چلاتی تھی سکینہ کہ جینے کی میں نہیں
بابا کو ذبح کرتا ہے کیوں اے عدوئے دیں
خنجر نہ پھیر چاند سی گردن پہ رحم کر
ابا کو چھوڑ دے مرے بچپن پہ رحم کر
زخموں سے چور چور ہے زہرا کا یادگار
جس چھاتی پر میں سوتی تھی اس پر ہے تو سوار
بابا کے حلق پر نہ پھرا اب چھری کی دھار
بدلے پدر کے سر کو مرے تن سے تو اتار
سید پہ تشنہ لب پہ ستم اس قدر نہ کر
پوتی ہوں فاطمہ کی مجھے بے پدر نہ کر
رو کر بیاں یہ کرتی تھی وہ سوختہ جگر
دے کر دہائی اہل حرم پیٹتے تھے سر
کرتا تھا ذبح شہ کو وہاں شمر بد گہر
فرماتے تھے یہ شاہ کہ پیاسا ہوں رحم کر
پانی دیا نہ ہائے نبی کے نواسے کو
جلاد ذبح کرنے لگا بھوکے پیاسے کو
آخر سر امام امم تن سے کٹ گیا
چلا کے فاطمہ نے یہ زینب کو دی صدا
میداں سے جلد لے کے سکینہ کو گھر میں جا
بے جرم کٹ گیا ترے ماں جائے کا گلا
مارا بظلم شمر نے پیاسے کو جان سے
میں لٹ گئی حسین سدھارے جہان سے
بس اے انیسؔ بزم میں ہے نالہ و فغاں
پوچھ ان کے دل سے جو ہیں سخن فہم نکتہ داں
حق ہے سنا نہیں کبھی اس حسن کا بیاں
گویا کہ یہ خلیق کی ہے سر بہ سر زباں
سچ ہے کہ اس زباں کو کوئی جانتا نہیں
جو جانتا ہے اور کو وہ مانتا نہیں
dasht-e-wagha mein nur-e-khuda ka zuhur hai
zarron mein raushni-e-tajalli-e-tur hai
ik aftab rukh ki ziya dur dur hai
koson zamin aks se dariya-e-nur hai
allah re husn tabqa-e-ambar sarisht ka
maidan-e-karbala hai namuna bahisht ka
hairan zamin ke nur se hai charkh-e-lajward
manind-e-kohrba hai rukh-e-aftab zard
hai rukash-e-faza-e-iram wadi-e-nabard
uthta hai khak se tutuq-e-nur jae gard
hairat se hamilan falak un ko takte hain
zarre nahin zamin pe sitare chamakte hain
hai ab-e-nahr surat-e-aina jalwa gar
taban hai misl-e-chashma-e-khurshid har bhanwar
lahren basan-e-barq chamakti hain sar ba sar
pani pe machhliyon ki thaharti nahin nazar
ye ab-o-tab hai ke guhar ab ab hain
dariya to asman hain sitare habab hain
partau fagan hua jo rukh-e-qibla-e-anam
mashhur ho gai wo zamin arsh ehtisham
aur sang reze dar-e-najaf ban gae tamam
sahra ko mil gaya sharaf wadi alssalam
kaaba se aur najaf se bhi izzat siwa hui
khak is zamin-e-pak ki khak-e-shifa hui
phaila jo nur-e-mehr imamat dam-e-zawal
zarron se wan ke ankh milana hua muhal
sare nihal-e-faiz-e-qadam se hue nihal
akhtar bane jo phul to shakhen banen hilal
patte tamam aina-e-nur ho gae
sahra ke nakhl sab shajar-e-tur ho gae
ghul tha zahe hasin ki shaukat zahe waqar
goya khare hain jang ko mahbub kirdagar
rukh se ayan hai dabdaba-e-shah zu alfaqar
hai nur-e-haq jabin-e-munawwar se ashkar
kyunkar chhupe na mah dohafta hijab se
chauda tabaq mein nur hai is aftab se
ye ru-e-raushan aur ye gesu-e-mushk fam
yan sham mein to subh hai aur subh mein hai sham
hale mein yun nazar nahin ata hai mah tamam
qudrat khuda ki nur ka zulmat mein hai maqam
zulfon mein jalwa gar nahin chehra janab ka
hai nisf-e-shab mein aj zuhur aftab ka
qurban kaman-e-abru-e-maula pe jan-o-dil
gar mah-e-nau kahin to hai tashbih mubtazal
chashm-e-ghazal-e-dasht-e-khutan chashm se khajil
dekha jise karam se khataen huin bahal
putli basan-e-qibla numa be qarar hai
giryan hain wo ye gardish-e-lail-o-nahar hai
rukhsar hain ziya mein qamar se ziyada tar
jin par thahar saki na kabhi shams ki nazar
rish makhzab aur ye rukh shah-e-bahr-o-bar
paida hain saf maani-o-alllail-o-alqamar
quran se ayan hai buzurgi imam ki
khai qasam khuda ne isi subh-o-sham ki
kis munh se kijiye lab jan bakhsh ka bayan
chusi jinhon ne ahmad-e-mukhtar ki zaban
kya dar-e-ab dar hain is darj mein nihan
goya ke motiyon ka khazana hai ye dahan
zarre zamin pe aks se sare chamak gae
jis waqt ye khule to sitar chamak gae
shama harim-e-lam yazal tha galo-e-shah
tarik shab mein jaise huwaida ho nur-e-mah
ai charkh-e-be madar ye kaisa sitam hai ah
shamshir-e-shimr aur mohammad ki bosa gah
jis par rasul honton ko milte hun pyar se
kat jae karbala mein wo khanjar ki dhar se
manzur yan thi madh galo-e-shah-e-umam
yad a gai magar ye hadis-e-gham-o-alam
masjid mein jalwa gar the rasul-e-falak hasham
milte the zikr-e-haq mein lab-e-pak dam ba dam
raushan the bam-o-dar rukh-e-raushan ke nur se
aina ban gai thi zamin tan ke nur se
tha jo sutun ke rukan risalat ka takiya gah
kursi bhi us ki pusht ki thi dhundhti panah
tha jis hasir par wo do alam ka badshah
hasrat se arsh karta tha is farsh par nigah
auj-e-zamin bahisht-e-barin se do chand tha
mimbar ka na falak se bhi paya buland tha
ashab-e-khas gard the anjum ki tarah sab
taban tha bich mein wo mah-e-hashimi laqab
sar par malak sifat magas ran the do arab
jibril tah kiye hue the zanu-e-adab
khadim bilal-o-qambar girun asas tha
naalain us ke pas asa us ke pas tha
gesu the wo mufassir-o-alllail aza saja
rukh se ayan the maani-o-alshshams-o-alzaha
wo rish-e-pak aur rukh-e-sardar ambiya
goya dhara tha rahal pe quran khula hua
orhe siyah aba jo wo alam panah tha
kaaba ka saf hajiyon ko ishtibah tha
pahlu mein badshah ke tha jalwa gar wazir
sardar den ali wali khalq ka amir
donon jahan mein koi na donon ka tha nazir
ahmad the aftab to haidar mah-e-munir
zahir mein ek nur ka do ja zuhur tha
gar ghaur kijiye to wahi ek nur tha
masruf-e-waaz-o-pand the sultan-e-mashriqain
jo ghar se nikle khelte zahra ke nur-e-ain
nana baghair donon nawason ko tha na chain
barh jate the husn kabhi age kabhi hasin
kahte the dekhen kaun qadam jald uthata hai
nana ke pas kaun bhala pahle jata hai
wo gore gore chehron pe zulfen idhar idhar
akhtar se wo chamakte hue kan ke guhar
rashk-e-hilal tauq gale ghairat-e-qamar
hikal pe naqsh nam-e-khuda-e-jalil ke
taawiz gardanon pe par jibrail ke
masjid mein ae hanste hue jab wo gul badan
khushbu se sehn-e-masjid-e-jame bana chaman
taslim ko hasin se pahle jhuke husn
khush ho ke muskurane lage surur-e-zaman
barh barh ke kham salam ko chhote bare hue
baithe rahe rasul malak uth khare hue
beton ko tha ali ka ishara ke baith jao
lazim nahin ke waaz mein nana ko tum satao
phaila ke hath bole mohammad ke ao ao
shabbir ne kaha hamen pahle gale lagao
bhai husn jo ap ki godi mein aenge
ham tum se nana jan abhi ruth jaenge
bole husn ke wah hamen aur karen na pyar
iqrar ke chuke hain shahanshah nam dar
bole ba chashm-e-nam ye hasin-e-falak waqar
dekhen tu kaun kandhe pe hota hai ab sawar
sab se siwa jo hain so hamen un ke pyare hain
age na barhiye ap ke nana hamare hain
bhai se tab kaha ye husn ne ba iltifat
be wajh ham se ruthe ho tum ai nako sifat
nana hamare kya nahin sultan-e-kainat
hoti hai nagawar tumhen to zara si bat
ghussa na itna chahiye khush khu ke waste
machle the yun hi bachcha-e-ahu ke waste
ye sun ke munh ali ka lage dekhne rasul
hans kar kaha ye donon hain mere chaman ke phul
main chahta hun ek ki khatir na ho malul
roenge ye to ghar se nikal aegi batul
howe na ranj mere kisi nur-e-ain ko
tum lo husn ko god mein main lun hasin ko
shabar se phir ishara kya ho ke be qarar
ghussa na khao pahle tumhen ko karenge pyar
phir bole dekh kar su-e-shabbir namdar
a ai hasin a tiri baton ke main nisar
chhati se ham lagaenge jan apni jan kar
dekhen to pahle kaun lipatta hai an kar
daure ye bat sun ke barabar wo khush sair
pas ae aftab risalat ke do qamar
lipte hasin hans ke idhar aur husn idhar
the panon zanuon pe to bala-e-dosh sar
nana ke sath pyar mein donon ka sath tha
gardan mein ek un ka aur un ka hath tha
phir phir ke dekhte the shahanshah-e-mashriqain
gah janib husn to kabhi janib hasin
baithe jo zanuon pe wo zahra ke nur-e-ain
tha tan ko lutf-e-qalb ko rahat jigar ko chain
jhuk jhuk ke munh rasul-e-zaman chumne lage
un ka gila to un ka dahan chumne lage
shabbir chahte the ke chumen mire bhi lab
par kuchh gale ke boson ka khulta na tha sabab
nana ke munh ke pas ye late the munh ko jab
jhuk jhuk ke chumte the gila sayyad-e-arab
bhai ko dekh kar jo husn muskurate the
ghairat se un ki ankhon mein ansu bhar ate the
uthe hasin zanu-e-ahmad se khashmgin
ghusse se rang-e-zard aur ankhon pe astin
rukh par pasina jism mein raasha jabin pe chin
puchha kidhar chale to ye bole kahin nahin
ghar mein akele tewri charhae chale gae
dekha na phir ke sar ko jhukae chale gae
bit alshsharaf mein ae jo shabbir nam dar
karte ko munh pe rakh ke lage rone zarzar
dauren ye kah ke fatima zahra jigar figar
hai hai hasin kya hua to kyun hai ashk bar
tujh ko rula ke gham mein mujhe mubtala kiya
qurban ho gai tujhe kis ne khafa kiya
mera kaleja phatta hai ai dil ruba na ro
zahra hazar jan se tujh pe fida na ro
sar mein na dard ho kahin ai mah liqa na ro
bas bas na ro hasin bara-e-khuda na ro
meri taraf to dekho ke betab hoti hun
chadar se munh ko dhanp ke lo mein bhi roti hun
tu munh to khol ai mire shabbir khush khisal
tar ho gae hain ansuon se gore gore gal
mil mil ke pusht-e-dast se ankh karo na lal
suljhaon ao uljhe hue gesuon ke bal
ghar se gae the sath juda ho ke ae ho
samjhi mein kuchh husn se khafa ho ke ae ho
tum chup raho wo ghar mein to masjid se phir ke aen
guzri mein khel se mire bachche ko kyun rulaen
un se na boliyo wo tumhen lakh gar manaen
lo ao jane do tumhen chhati se ham lagaen
wari agar husn ne rulaya bura kiya
puchhungi kya na main mire pyare ne kya kiya
bole hasin ham to hain is bat par khafa
nana ne chume bhai ke hont aur mira gila
tum aman jan munh ko to sungho mire zara
kuchh bu-e-nagawar hai mere dahan mein kya
bhai ke lab se apne labon ko milate hain
ab ham na jaenge hamen nana rulate hain
munh rakh ke munh pe boli ye zahra jigar figar
bu-e-gulab ati hai ai mere gulghaddar
chuma agar gila to khafa ho na main nisar
tum ko zaban chusate the mahbub kirdagar
ye mushk mein mahak na gul yasaman mein hai
khush bu isi dahan ki tumhare dahan mein hai
kahne lage hasin ye man se ba chashm-e-nam
kya jano tum husn se hamen chahte hain kam
ye kya unhen pe lutf-o-inayat hai dam ba dam
maalum ho gaya unhen pyare nahin hain ham
ro ro ke aj jan ham apni ganwaenge
pani na ab piyen ge na khane ko khaenge
ye bat sun ke ho gaya zahra ka rang faq
boli pisar se ro ke wo bint-e-rasul-e-haq
sadqe gai karo na kaleje ko mere shaqq
hai hai ye kya kaha mujhe hota hai ab qalaq
mera lahu bahega jo ansu bahaoge
kahe ko man jiye gi jo khana na khaoge
ye kah ke orh li sar pur nur par rida
moze pahan ke god mein shabbir ko liya
dar tak gai jo ghar se wo dil band-e-mastafa
fizza ne barh ke buzar-o-sullaman ko di sada
pesh-e-nabi hasin ko godi mein lati hain
hat jao sab ke fatima masjid mein ati hain
allah re amad amad-e-zahra ka bandobast
saton falak the auj-e-sharafat se jis ke past
ahmad ke gard-o-pesh se uthe khuda parast
insan to kya malak ko na thi qudrat-e-nashist
aen to shad shad rasul-e-zaman hue
ghar mein khuda ke ek jagah panj tan hue
taazim fatima ko uthe sayyad albashar
dekha ke chashm-e-fatima hai ansuon se tar
gham the hasin dosh pe man ke jhukae sar
tha ik hilal mehr ke pahlu mein jalwa gar
man kahti thi na roo magar chup na hote the
ankhen thin band hichkiyan le le ke rote the
ghabra ke puchhne lage mahbub zu aljalal
rota hai kyun hasin ye kya hai tumhara hal
bolen batul aj qalaq hai mujhe kamal
roya hai ye hasin ke ankhen hain donon lal
ate hain hanste rote hue ghar mein jate hain
shafqat bhi ap hi karte hain ap hi rulate hain
hathon ko jorti hun main ya shah-e-bahr-o-bar
shafqat ki us ke hal pe har dam rahe nazar
rone se us ke hota hai tukre mira jigar
mujh faqa kash gharib ka pyara hai ye pisar
haidar se puchhiye mire usrat ke hal ko
kis kis dukhon se pala hai is naunihal ko
ashk us ke jitne tapke hain ya shah nek khu
itna hi ghut gaya hai mire jism ka lahu
roe hain phut phut ke ye mere ru ba ro
tar ho gaya hai ansuon se chand sa galo
dekha na tha ye main ne jo hal us ka aj hai
hazrat to jante hain ke nazuk mizaj hai
shafqat se aj ap ne chume husn ke lab
bosa liya na un ke labon ka ye kya sabab
rutbe mein donon ek hain ya surur-e-arab
main sach kahun ye sun ke mujhe bhi hua ajab
us ko jo ho khushi to dil us ka bhi shad ho
chhote se chahiye ke mohabbat ziyad ho
ap un ke naz uthate hain ya shah-e-bahr-o-bar
phir kis se ruthen ap se ruthen na ye agar
aksar unhen charhaya hai hazrat ne dosh par
gesu diye hain nanhe se hathon mein beshtar
ruthe the ye so qadmon pe sar dharne ae hain
munh ke na chumne ka gila karne ae hain
ye kah ke phir hasin se bolen ba chashm-e-tar
lo ja ke ab nabi ke qadam par jhukao sar
ae hasin hath jo nanhe se jor kar
be ikhtiyar rone lage sayyad albashar
rah rah ke dekhte the ali-o-batul ko
nazdik tha qalaq se ghash ae rasul ko
thi ansuon se rish-e-mubarak tamam nam
fart-e-buka se khak pe jhukte the dam ba dam
gahe sutun se lag ke hue rast gah kham
har lahza iztirab ziyada tha sabr kam
ho sakta tha na zabt shah-e-mashriqain se
rote the bar bar lipat kar hasin se
shabbir ro ke kahte the nana na roiye
roenge ab na ham shah-e-wala na roiye
hilne lagega arsh mualle na roiye
phatta hai ab hamara kaleja na roiye
sau bar din mein ham to munh ashkon se dhote hain
hazrat hamare rone pe kahe ko rote hain
ghabra gae ali wali shah-e-bahr-o-bar
ki arz fatima ne jhuka ke qadam pe sar
beti nisar ho gai ya sayyad albashar
kya wajh hai jo ap hain is tarah nauha gar
jaldi bataiye ke mujhe tab ab nahin
rona khuda ke dost ka ye be sabab nahin
hazrat ko ilm-e-ghaib hai ya shah-e-uns-o-jan
ainda-o-guzishta ka sab hal hai ayan
kya ai aj wahi khudawand-e-do jahan
hona hai jo hasin pe mujh se karo bayan
faqon se katti hun musibat jahan ki
kyun baba jan khair to hai us ki jan ki
bole jigar ko tham ke mahbub zu aljalal
tujh se suna na jaega ai fatima ye hal
kis munh se main kahun ke qalaq hai mujhe kamal
zahra shahid hue howen ge tere ye donon lal
matam ki ye khabar abhi jibril lae the
sare malak hasin ke purse ko ae the
almas pi ke hue ga be jan tira husn
ye wajh hai ke chumta hun us ka main dahan
bhar jaega kalejon ke tukron se sab lagan
hoga zumurrudi tire is lal ka badan
su-e-bahisht jab ye jahan se sidharenge
bad kesh tir us ke janaze pe marenge
zahra mujhe kalam ki taqat nahin hai ab
halq-e-hasin chumne ka kya kahun sabab
ik ban mein tin roz rahenge ye tishna lab
kat jaega gila yahi khanjar se hai ghazab
neze pe sar charhega tire nur-e-ain ka
ghoron se raund dalenge lasha hasin ka
ru-e-khabar ye kah ke jo mahbub zu alamnan
ghabra ke munh hasin ka takne lage husn
zahra pukari hae lutega mira chaman
main mar gai duhai hai ya surur-e-zaman
ye kaisi ag hai ke miri kokh jal gai
hai hai chhuri kaleje pe zahra ke chal gai
fariyad ya nabi shah-e-abrar alghiyas
ai mursalan haq ke madadgar alghiyas
ai be kison ke waris-o-sardar alghiyas
qudrat hai sab tarah ki shah-e-mashriqain ko
hazrat se lungi apne husn aur hasin ko
kis jurm par ye lal mire qatl honge ah
ro kar kaha rasul-e-khuda ne ke be gunah
ki arz fatima ne ke ai arsh-e-bargah
bachchon ko mere kya na milegi kahin panah
talwaren khinch khinch ke zalim jo aenge
hazrat na kya nawason ko apne bachaenge
asan hai kya jo qatl karenge sitam shiar
kya sher haq kamar se na khinchenge zu alfaqar
aada pe kya chalega na dast-e-khuda ka war
balon ko kya na kholegi zahra jigar figar
tukre jigar jo hue ga mujh dil do nim ka
paya na kya hilaungi arsh-e-azim ka
zahra se ro ke kahne lage shah nek khu
beti mujhe sataenge turbat mein kina jo
is waqt-e-qatl huin ge ye donon mah ru
duniya mein jab na hoga ali aur na main na to
lashe pe mujtaba ke to shabbir roega
shabbir jab mire ga to koi na hue ga
chillai sar patak ke ye zahra ke hai sitam
pitega kaun tan se jo niklega us ka dam
matam ki saf bichhaega kaun ai shah-e-umam
purse ko kaun aega us ke ba chashm-e-nam
ham mein se aise waqt jo koi na hue ga
hai hai mire hasin ko phir kaun roega
bachche ki mere taaziya dari karega kaun
munh dhanp dhanp girya-o-zari karega kaun
dariya-e-ashk-e-chashm se jari karega kaun
imdad baad-e-marg hamari karega kaun
hoga kahan nabi ke nawase ka fatiha
sharbat pe kaun dewega pyase ka fatiha
bole nabi ke ap ko zahra na kar halak
farma chuka hai mujh se ye waada khuda-e-pak
paida karenge qaum ik aisi ba roe khak
jo rat din rahenge isi gham mein dard nak
bazm-e-aza mein aenge wo dur dur se
tan khak se banaenge dil un ke nur se
hogi unhen se majlis-e-matam ki zeb-o-zain
denge unhen wo lab ke rahe jis pe wa hasin
ankhen wo denge rone ko samjhen jo farz-e-ain
hath aise ghair sina zani ho jinhen na chain
saman taaziyat ke kabhi kam na huin ge
wo hashr tak hasin ke matam mein roenge
hoga ayan falak pe mahram ka jab hilal
rakht-e-siyah pahnenge bar mein wo khush khisal
kholengi bebayan bhi sab apne saron ke bal
har ghar mein hoga shor ke hai hai ali ka lal
lenge sile mein khuld tire nur-e-ain se
ansu aziz wo na karenge hasin se
pyasa shahid hoga jo tera ye dil ruba
momin sabilen rakhenge pani ki ja baja
howe gi shad ruh shahidan-e-karbala
bhar bhar ke ab sard pukarenge barmala
mahbub-e-kibriya ke nawase ki nazr hai
pyase na jaiyo ke ye pyase ki nazr hai
kahne lagi nabi se batul-e-falak janab
hai hai main kya karun mire dil ko nahin hai tab
ai badshah kaun-o-makan malik alriqab
dargah-e-haq mein ap ki hai arz-e-mustajab
kije dua ke khaliq-e-akbar madad kare
allah ye bala mire bachche ki rad kare
beti se ro ke kahne lage shah-e-kainat
ruh-e-alamin ne mujh se to ye bhi kahi hai bat
chaho to rad kare ye bala rab-e-pak zat
lekin na hue gi mire ummat ki phir najat
mahbub-e-haq nisar tire nur-e-ain par
mauquf hai ye amar to qatl-e-hasin par
allah re sabr dukhtar-e-mahbub kirdagar
ummat ka nam sun ke jhukaya sar ek bar
khushnud ho ke kahne lage shah-e-zualfaqar
sadqe husn hasin tasadduq ali nisar
is rah mein na mal na daulat aziz hai
pyare pisar nahin hamen ummat aziz hai
kahne lage hasin se phir shah-e-bahr-o-bar
batla mujhe ke kya tiri marzi hai ai pisar
nana se bole chhote se hathon ko jor kar
ummat ke kam ae to hazir abhi hai sar
waada ko ham na bhulenge go khurd sal hain
chhote nahin hain mukhbir-e-sadiq ke lal hain
rote hain ap kis liye ya sayyad-e-umam
razi hain ham pe rah-e-khuda mein hun jo sitam
talwaren bhi chalen to nahin marne ke dam
ummat pe apne sar ko tasadduq karenge ham
ham rast go hain bat pe jis waqt ate hain
kahte hain jo zaban se wahi kar dikhate hain
bachpan mein jo zaban se kaha tha kya wo kam
jis waqt ran mein tut pare shah pe fauj-e-sham
gardan jhuka ke barchhiyan khaya kiye imam
khun mein qaba rasul ki tar ho gai tamam
teghen ali ke lal ke shane pe chal gain
chhati ke par nezon ki noken nikal gain
pheri na thi jo pusht mubarak dam-e-masaf
the do hazar zakhm faqat sar se ta ba naf
sayyad se be watan se zamana tha bar khilaf
ghul tha ke aj hota hai ghar fatima ka saf
sambhala na jaega khalaf-e-bu turab se
lo wo qadam hasin ke nikle rikab se
menh ki tarah barasne lage shah den pe tir
tharra rahe the lag ke tan-e-naznin pe tir
daman pe tir jeb pe tir astin pe tir
pahlu pe tegh sina pe neza jabin pe tir
daghon se khun ke rakht badan lala zar tha
shakl-e-zareh sina-e-aqdas figar tha
tar thi lahu mein zulf-e-shikan dar shikan juda
majruh laal-e-lab the juda aur dahan juda
darpae the neza dar juda tegh zan juda
kat kat ke ho gaya tha har ik uzw-e-tan juda
si para tha na sadr faqat is janab ka
purze waraq waraq tha khuda ki kitab ka
karta tha war barchhiyon walon ka jab para
teghon se dam bhi lene ki mohlat na thi zara
nezon mein khun nabi ke nawase ka tha bhara
shamshir-o-tir neza-o-khanjar ke mawara
thin sakhtiyan sitam ki shah-e-khush khisal par
chalte the sang fatima zahra ke lal par
the do hazar jism shah-e-bahr-o-bar pe zakhm
mathe pe zakhm tir ke teghon ke sar pe zakhm
gardan pe zakhm-e-sina pe zakhm aur kamar pe zakhm
aur us ke mawara the behtar jigar pe zakhm
ghore pe gah sambhalte the gah dagmagate the
ghash ata tha to harne pe sar ko jhukate the
ghore pe jab sambhalne ki mutlaq rahi na tab
hathon se bag chhut gai aur paon se rikab
girne laga jo khak pe wo asman janab
marqad mein be qarar hui ruh bu turab
ghul tha ke khak par shah kaun-o-makan gira
bas ab zamin ulat gai aur asman gira
jalti hui zamin pe tarapne lage imam
be kis pe zalimon ne kiya aur azhdaham
is waqt-e-shimr se ye umar ne kiya kalam
han tan se jald kat sar-e-surur-e-anam
dariyo na sun ke fatima zahra ki ah ko
gul kar de sham-e-qabr risalat panah ko
ye sunte hi charhai sitamgar ne astin
khanjar kamar se khinch ke age barha len
the qibla ro jhuke hue sajde mein shah den
lab hilte dekhe shah ke aya wo jab qarin
samjha ke tishnagi se jo sadme guzarte hain
is waqt-e-bad dua mujhe shabbir karte hain
jhuk kar qarib kan jo laya to ye suna
haq mein gunah garon ke karte hain shah dua
jari zaban-e-khushk pe ye hai ke ai khuda
kar hajaton ko mere muhibon ki to rawa
shion ka hashr roz-e-jaza mere sath ho
mera ye khun baha hai ke un ki najat ho
ye sun ke mustaid hua wo shah ke qatl par
zanu rakha hasin ke sine pe be khatar
gardan pe pherne laga khanjar jo bad guhar
ai sada ali ki ke hai hai mire pisar
zahra pukari kuchh bhi nabi se hijab hai
zalim ye bosa gah risalat mab hai
kyun zabh mere lal ko karta hai be gunah
kyun katta hai mere kaleje ko ro siyah
kashti ko ahl-e-bit nabi ki na kar tabah
main fatima hun arsh hilaegi meri ah
hue ga hashr qatl jo ye be watan hua
ye mar gaya to khatima panj tan hua
awaz apni man ki ye zinib ne jab suni
dauri nikal ke kheme se sar pitti hui
dekha ke zabh karta hai hazrat ko wo shaqi
sar pet kar ye kahne lagi wo jigar jali
hai hai na tin roz ke pyase ko zabh kar
zalim na mustafa ke nawase ko zabh kar
bano pukarti thi ye kya karta hai lain
pyasa hai tin roz se haidar ka ja nashin
chillati thi sakina ke jine ki main nahin
baba ko zabh karta hai kyun ai adue den
khanjar na pher chand si gardan pe rahm kar
abba ko chhor de mire bachpan pe rahm kar
zakhmon se chur chur hai zahra ka yadgar
jis chhati par main soti thi us par hai to sawar
baba ke halq par na phira ab chhuri ki dhar
badle pidar ke sar ko mire tan se to utar
sayyad pe tishna lab pe sitam is qadar na kar
pauti hun fatima ki mujhe be pidar na kar
ro kar bayan ye karti thi wo sokhta jigar
de kar duhai ahl-e-haram pitte the sar
karta tha zabh shah ko wahan shimr bad guhar
farmate the ye shah ke pyasa hun rahm kar
pani diya na hae nabi ke nawase ko
jallad zabh karne laga bhuke pyase ko
akhir sar-e-imam-e-umam tan se kat gaya
chilla ke fatima ne ye zinib ko di sada
maidan se jald le ke sakina ko ghar mein ja
be jurm kat gaya tire man jae ka gila
mara bazlam shimr ne pyase ko jan se
main lut gai hasin sidhare jahan se
bas ai unnis-e-bazm mein hai nala-o-fughan
puchh un ke dil se jo hain sukhan fahm nukta dan
haq hai suna nahin kabhi us husn ka bayan
goya ke ye khaliq ki hai sar ba sar zaban
sach hai ke is zaban ko koi janta nahin
jo janta hai aur ko wo manta nahin