تقوے کے لئے جنت‌ و کوثر ہوئے مخصوص

ساحر دہلوی

تقوے کے لئے جنت‌ و کوثر ہوئے مخصوص

رندی کے لئے شیشہ و ساغر ہوئے مخصوص

پابندئ احکام شریعت ہے وہاں فرض

رندوں کو رخ ساقی و ساغر ہوئے مخصوص

قائم ہے وہاں دین بھی دنیا بھی بہ امید

ہم کو کرم رحمت‌ داور ہوئے مخصوص

شیخی ہے وہاں جبہ و دستار پہ موقوف

رندی کو یہاں ترک تن و سر ہوئے مخصوص

ہے کشف و کرامات وہاں مایۂ پندار

سودا اور زیاں ہم کو برابر ہوئے مخصوص

ہیں خرقہ‌ و عمامہ وہاں پیر طریقت

یاں کفر و صنم ہادی و رہبر ہوئے مخصوص

موقوف جو ایماں پہ رہے مسجد و منبر

ساحرؔ کو صنم خانہ و ساغر ہوئے مخصوص