جان دے دیں گے کرشموں پہ قضا سے پہلے

عزیز الرحمٰن عزیز پانی پتی

جان دے دیں گے کرشموں پہ قضا سے پہلے

مر ہی جائیں گے ترے ناز و ادا سے پہلے

رستے ہیں زخم جگر قبل نمک افشانی

مینہ برستا ہے مرے گھر میں گھٹا سے پہلے

بوسہ خود دیتے ہیں اور خود ہی بگڑ جاتے ہیں

لطف فرماتے ہیں عاشق پہ جفا سے پہلے

خود بہ خود آتے ہیں وہ پاس یہ تاثیروں کا

جا لگا تیر نشانہ پہ دعا سے پہلے

قصد بوسہ ہی پہ دل پھانستے ہیں گیسو میں

پھانسی دیتے ہیں وہ مجرم کو خطا سے پہلے

وہ صنم اور کے حصہ میں نہ آتا اے عزیزؔ

مانگ لیتا جو اسے رو کے خدا سے پہلے