دل کو تسکین یار لے ڈوبی
Khumar Barabankaviدل کو تسکین یار لے ڈوبی
اس چمن کو بہار لے ڈوبی
اشک تو پی گئے ہم ان کے حضور
آہ بے اختیار لے ڈوبی
عشق کے کاروبار کو اکثر
گرمیٔ کاروبار لے ڈوبی
حال غم ان سے بار بار کہا
اور ہنسی بار بار لے ڈوبی
تیرے ہر مشورے کو اے ناصح
آج پھر یاد یار لے ڈوبی
چار دن کا ہی ساتھ تھا لیکن
زندگی اے خمارؔ لے ڈوبی