جب کبھی ہوں گے تو ہم مائل غم ہی ہوں گے
Bashar Nawazجب کبھی ہوں گے تو ہم مائل غم ہی ہوں گے
ایسے دیوانے بھی اس دور میں کم ہی ہوں گے
ہم تو زخموں پہ بھی یہ سوچ کے خوش ہوتے ہیں
تحفۂ دوست ہیں جب یہ تو کرم ہی ہوں گے
بزم عالم میں جب آئے ہیں تو بیٹھیں کچھ اور
بس یہی ہوگا نا کچھ اور ستم ہی ہوں گے
جب بھی برباد وفا کوئی نظر آئے تمہیں
غور سے دیکھ لیا کرنا وہ ہم ہی ہوں گے
کوئی بھٹکا ہوا بادل کوئی اڑتی خوشبو
کون کہہ سکتا ہے اک دن یہ بہم ہی ہوں گے