آہٹ پہ کان در پہ نظر اس طرح نہ تھی
Bashar Nawazآہٹ پہ کان در پہ نظر اس طرح نہ تھی
ایک ایک پل کی ہم کو خبر اس طرح نہ تھی
تھا دل میں درد پہلے بھی لیکن نہ اس قدر
ویراں تو تھی حیات مگر اس طرح نہ تھی
ہر ایک موڑ مقتل ارمان و آرزو
پہلے تو تیری راہ گزر اس طرح نہ تھی
جب تک صبا نے چھیڑا نہ تھا نکہت گلاب
کوچہ بہ کوچہ محو سفر اس طرح نہ تھی
برسوں میں پہلے ہوتی تھی نم آستیں کبھی
ارزاں متاع دیدۂ تر اس طرح نہ تھی