بندے زمین اور آسماں سرما کی شب کہانیاں

Aitbar Sajid

بندے زمین اور آسماں سرما کی شب کہانیاں

سچی ہیں یہ رفاقتیں باقی ہیں سب کہانیاں

خیمے اکھڑ اجڑ گئے ایسی ہوائے شب چلی

کرنیں زمیں پہ لکھ گئیں کیسی عجب کہانیاں

وسعت دشت کے مکیں وادی میں کوچ کر گئے

شاخوں پہ برف لکھ گئی نغمہ بہ لب کہانیاں

چاند کی خاک آ گئی پیروں تلے حیات کے

ایسی کٹھن روایتیں ایسی کڈھب کہانیاں

جوہر حق نہیں ملا مجھ کو کسی کتاب میں

مٹی سے سن رہا ہوں میں عالی نسب کہانیاں

وسعت کوہ و دشت ہو شہر و نگر کا گشت ہو

میرا سفر حکایتیں میرا ادب کہانیاں

شہروں کو کیا خبر کہ میں کون ہوں کس فضا میں ہوں

لکھنی ہیں ایک دن مجھے صبر طلب کہانیاں