جانے کس چاہ کے کس پیار کے گن گاتے ہو
Aitbar Sajidجانے کس چاہ کے کس پیار کے گن گاتے ہو
رات دن کون سے دل دار کے گن گاتے ہو
یہ تو دیکھو کہ تمہیں لوٹ لیا ہے اس نے
اک تبسم پہ خریدار کے گن گاتے ہو
اپنی تنہائی پہ نازاں ہو مرے سادہ مزاج
اپنے سونے در و دیوار کے گن گاتے ہو
اپنے ہی ذہن کی تخلیق پہ اتنے سرشار
اپنے افسانوی کردار کے گن گاتے ہو
اور لوگوں کے بھی گھر ہوتے ہیں گھر والے بھی
صرف اپنے در و دیوار کے گن گاتے ہو