ان موسموں میں ناچتے گاتے رہیں گے ہم

Ahmad Mushtaq

ان موسموں میں ناچتے گاتے رہیں گے ہم

ہنستے رہیں گے شور مچاتے رہیں گے ہم

لب سوکھ کیوں نہ جائیں گلا بیٹھ کیوں نہ جائے

دل میں ہیں جو سوال اٹھاتے رہیں گے ہم

اپنی رہ سلوک میں چپ رہنا منع ہے

چپ رہ گئے تو جان سے جاتے رہیں گے ہم

نکلے تو اس طرح کہ دکھائی نہیں دیے

ڈوبے تو دیر تک نظر آتے رہیں گے ہم

دکھ کے سفر پہ دل کو روانہ تو کر دیا

اب ساری عمر ہاتھ ہلاتے رہیں گے ہم