ہر لمحہ ظلمتوں کی خدائی کا وقت ہے

Ahmad Mushtaq

ہر لمحہ ظلمتوں کی خدائی کا وقت ہے

شاید کسی کی چہرہ نمائی کا وقت ہے

کہتی ہے ساحلوں سے یہ جاتے سمے کی دھوپ

ہشیار ندیوں کی چڑھائی کا وقت ہے

ہوتی ہے شام آنکھ سے آنسو رواں ہوئے

یہ وقت قیدیوں کی رہائی کا وقت ہے

کوئی بھی وقت ہو کبھی ہوتا نہیں جدا

کتنا عزیز اس کی جدائی کا وقت ہے

دل نے کہا کہ شام شب وصل سے نہ بھاگ

اب پک چکی ہے فصل کٹائی کا وقت ہے

میں نے کہا کہ دیکھ یہ میں یہ ہوا یہ رات

اس نے کہا کہ میری پڑھائی کا وقت ہے