وہ جلوے جو حجاب ناز سے محفل میں آتے ہیں
Zaheen Shah Taji (1902–1978)وہ جلوے جو حجاب ناز سے محفل میں آتے ہیں
مرے دل سے نکلتے ہیں کہ میرے دل میں آتے ہیں
فنا پہلا ادب ہے شرط اول بزم جاناں میں
جو اپنے آپ سے گزریں وہ اس محفل میں آتے ہیں
کھلی آنکھوں سے عالم پر گمان عالم دل ہے
جب آنکھیں بند کرتا ہوں نظر وہ دل میں آتے ہیں
کوئی سادہ دلی شوق کو یہ بات سمجھا دے
پیام حسن ہوتے ہیں جو ارماں دل میں آتے ہیں
خودی کے جوہر آسانی میں انساں پر نہیں کھلتے
ہم اپنے سامنے کھل کر فقط مشکل میں آتے ہیں
ذہینؔ اللہ کو میں دیکھتا ہوں حسن جاناں میں
نظر خورشید کے جلوے مہ کامل میں آتے ہیں