ساقی بادہ عرفاں تم ہو

Zaheen Shah Taji (1902–1978)

ساقی بادہ عرفاں تم ہو

شہ سنجر شہ جیلاں تم ہو

یمنی عشوہ و قرنی غمزہ

مدنی جلوہ بہ داماں تم ہو

صورت حق ہے نمایاں تم سے

صورت حق میں نمایاں تم ہو

فقر کو فخر بنایا تم نے

فقر میں بو ذر و سلماں تم ہو

رومی و شبلی و عطار و جنید

بخدا عیسیٰ دوراں تم ہو

دیکھ کر تم کو کسے دیکھے ذہینؔ

ان نگاہوں کے نگہباں تم ہو