تو دیوانہ ہے تو نادان ہے کیا
Zaheen Bikaneri (b. 1979)تو دیوانہ ہے تو نادان ہے کیا
جنون عشق سے انجان ہے کیا
مری مایوسیاں کیا دیکھتے ہو
کسی چہرے پہ بھی مسکان ہے کیا
چلا آئے کوئی بھی سر اٹھا کے
مرے دل کی گلی سنسان ہے کیا
گھٹن دوری تڑپ آنسو اور آہیں
محبت کی ڈگر آسان ہے کیا
تو کوشش کر اگے گا پیار تیرا
مرا دل کوئی ریگستان ہے کیا
دھڑکتی ہے یہ ہر دل میں ازل سے
محبت بے سر و سامان ہے کیا
سمجھ پایا نہ یہ انسان اب تک
مکمل زیست کی پہچان ہے کیا
سبق زندہ دلی کا دینے والو
تمہارے جسم میں وہ جان ہے کیا
رگوں میں دوڑتی ہے بے ایمانی
کسے معلوم ہے ایمان ہے کیا
ذہینؔ الفت کی اک بنیاد بھی ہے
ہلا پانا اسے آسان ہے کیا