بے حال دل کا حال کروں تو غزل کہوں
Yasmin Husaini Zaidi Nikhatبے حال دل کا حال کروں تو غزل کہوں
جینے کا پھر ملال کروں تو غزل کہوں
دل تو مثال سنگ ہے ٹوٹے گا کیا بھلا
خستہ جگر کا حال کروں تو غزل کہوں
یہ رنگ چار روزہ ہے رعنائی چار روز
جو حسن لا زوال کروں تو غزل کہوں
ہے لطف اس میانہ روی میں بھلا کہاں
کچھ امر با کمال کروں تو غزل کہوں
موسم نہ سرد گرم نہ طوفاں کا زور ہے
اب خود ہی کچھ وبال کروں تو غزل کہوں
مدت ہوئی حبیب سے شکوہ کئے ہوئے
اب اس سے کچھ سوال کروں تو غزل کہوں
ہیں اس جہاں میں اچھے سخنور ہزارہا
نکہتؔ کو بے مثال کروں تو غزل کہوں