ساتھ لے کر آئے ہیں وہ روشنی اور چند پھول
Yasir Raza Asif (b. 1984)ساتھ لے کر آئے ہیں وہ روشنی اور چند پھول
منسلک باہم ہوئے ہیں زندگی اور چند پھول
تذکرہ شامل رہا ان میں تمہارے حسن کا
راس ہم کو آ گئے ہیں شاعری اور چند پھول
کتنا معنی خیز ہے یہ روپ قبرستان کا
قبر سے لپٹے ہوئے ہیں خامشی اور چند پھول
اک مسلسل روگ ہے یہ منتظر آنکھوں کا روگ
یاد کے جنگل میں چمکے پھر ہنسی اور چند پھول
میری آنکھوں سے ٹپک کر اشک پتھر بن گئے
تیرے لہجے کی کھنک ہیں چاندنی اور چند پھول
جی یہ چاہے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہوں
کھلکھلاتی دھوپ میں یہ جنوری اور چند پھول
کوئی بتلائے گا آصفؔ اس کی ہے تعبیر کیا
خواب میں دیکھے ہیں اکثر اک پری اور چند پھول