چپ کی طاقت سے گزارہ نہیں ہونے والا

Yasir Raza Asif (b. 1984)

چپ کی طاقت سے گزارہ نہیں ہونے والا

اب شرافت سے گزارہ نہیں ہونے والا

اب یہ لازم ہے کہ صحراؤں میں بھٹکا جائے

گھر کی وحشت سے گزارہ نہیں ہونے والا

شعر کہنا ہے تو کہنے کا سلیقہ سیکھو

اس میں عجلت سے گزارہ نہیں ہونے والا

دل میں فطرت کو بھی تھوڑی سی جگہ دی جائے

اک محبت سے گزارہ نہیں ہونے والا

گھر چلانے کے لیے خون جلانا ہوگا

صرف محنت سے گزارہ نہیں ہونے والا

راس آتے نہیں ہم کو یہ کھنکتے سکے

اپنا دولت سے گزارہ نہیں ہونے والا

سوچ کے آؤ یہ دربار محبت ہے یہاں

شان و شوکت سے گزارہ نہیں ہونے والا