در پردۂ بہار جو وہ نغمہ خواں نہ ہو

Vahshi Kanpuri

در پردۂ بہار جو وہ نغمہ خواں نہ ہو

بلبل سے نالہ گل سے تبسم عیاں نہ ہو

غواص بحر عشق نہ طوفان غم سے ڈر

یہ بھی شناوری کا تری امتحاں نہ ہو

ناکامیٔ خرد سے مجھے اب یہ خوف ہے

سعئ جنوں بھی میری کہیں رائیگاں نہ ہو

ایسا کوئی مقام نہ اب تک ملا جہاں

میری جبیں ہو اور ترا آستاں نہ ہو

اس بے نشاں کا مل نہیں سکتا کبھی سراغ

جب تک کوئی تلاش میں خود بے نشاں نہ ہو

میں بھی مٹا چکا ہوں رہ عشق میں حیات

میرا ہی یہ غبار پس کارواں نہ ہو

وحشیؔ طریق عشق میں رسوائیاں بھی ہیں

کتنا ہی درد دل میں ہو لب پر فغاں نہ ہو