دنیا میں جو میٹھے دریا ہوتے ہیں

Varun Anand (b. 1985)

دنیا میں جو میٹھے دریا ہوتے ہیں

وہ سب اس کے جوٹھے دریا ہوتے ہیں

باہر سے جو بہتے دریا ہوتے ہیں

اندر سے وہ پیاسے دریا ہوتے ہیں

رونے والے تجھ کو اتنا علم بھی ہے

اک آنسو میں کتنے دریا ہوتے ہیں

بارش کی بوندوں نے ہم کو سمجھایا

کچھ قطروں میں کیسے دریا ہوتے ہیں

اپنی آنکھیں دھوتا ہے وہ دریا میں

اب سمجھا کیوں نیلے دریا ہوتے ہیں

اس گاؤں سے پوچھو قطرے کی قیمت

جس گاؤں میں سوکھے دریا ہوتے ہیں

اس کی آنکھ سے نکلے آنسو ہیں وہ سب

رستے سے جو بھٹکے دریا ہوتے ہیں