اضطراب خود نمائی و حیا میں فرق ہے

Urooj Zaidi Badayuni (1912–1987)

اضطراب خود نمائی و حیا میں فرق ہے

ہم سمجھتے ہیں جو ان کی ہر ادا میں فرق ہے

دوستو اجمال کی تفصیل کا موقع نہیں

میں یہ کہتا ہوں کہ اخلاص و ریا میں فرق ہے

ایک اقدام یقیں ہے دوسرا شک آشنا

اعتراف لغزش عذر و خطا میں فرق ہے

حال چہرے سے عیاں ہوتا ہے لفظوں سے نہیں

یعنی اب معناً سکوت و التجا میں فرق ہے

ایک ہی عالم میں ہیں سب جادہ پیمائے عدم

ویسے ہونے کو یہاں شاہ و گدا میں فرق ہے

ایک طوفانوں پہ قادر ایک طوفاں آزما

یہ حقیقت ہے خدا و ناخدا میں فرق ہے

اس کا پہلے فیصلہ ہو قافلہ کیوں کر لٹا

یہ غلط ہے رہزن و جادہ نما میں فرق ہے

چڑھتے سورج کے پجاری ڈوبتا سورج بھی دیکھ

یہ بتانا ہے زوال و ارتقا میں فرق ہے

وجہ محرومی ہے میری شان استغنا عروجؔ

دست کش میں اور دست نارسا میں فرق ہے