پوچھیے مت کیا ہوا کیسے ہوا
SabeenSaifپوچھیے مت کیا ہوا کیسے ہوا
بت کوئی میرا خدا کیسے ہوا
آدمی بے حد برا تھا وہ مگر
پھر اچانک وہ بھلا کیسے ہوا
جس دئے کی آبرو تھی روشنی
وہ طرف دار ہوا کیسے ہوا
میں جسے سمجھی نہ تھی وہ عشق تھا
ہاں مگر پھر وہ سزا کیسے ہوا
آدمی سے پوچھتا ہے آدمی
آدمی خود سے جدا کیسے ہوا
مجھ کو آیا تھا منانے کے لیے
کیا خبر مجھ سے خفا کیسے ہوا
سوچتی رہتی ہوں میں اکثر سبینؔ
جو نہیں سوچا گیا کیسے ہوا