بنتے ہی شہر کا یہ دیکھیے ویراں ہونا
S A Mehdiبنتے ہی شہر کا یہ دیکھیے ویراں ہونا
آنکھ کھلتے ہی مرا دہر میں گریاں ہونا
دل کی میرے جو کوئی شومئ قسمت دیکھے
باور آ جائے گلستاں کا بیاباں ہونا
چشم و ابرو کے لیے اشک ہیں ساز و نغمہ
میرا گریہ مری آنکھوں کا غزل خواں ہونا
زخم ہیں لالہ و گل پرتو صحن گلشن
دیکھیے دل کا مرے رشک گلستاں ہونا
دشت پیمائی سے بے زار تمنائیں ہیں
بار ہے ان کو مرے قلب کا مہماں ہونا
ان میں کیا فرق ہے اب اس کا بھی احساس نہیں
درد اور دل کا ذرا دیکھیے یکساں ہونا
اب نظر آتے ہو مسجد میں جناب مہدیؔ
شیب میں تم کو مبارک ہو مسلماں ہونا