مقدر میں لکھا ہے غم ہی غم کیا

Raaz Layalpuri (b. 1920)

مقدر میں لکھا ہے غم ہی غم کیا

اسی کے ہو کے رہ جائیں گے ہم کیا

دل برباد میں برسوں رہے ہیں

یہ غم کیا درد کیا رنج و الم کیا

بجز رسوائی اس میں کچھ نہیں ہے

محبت کیا محبت کا بھرم کیا

ارادہ ترک الفت کا تو کر لوں

اٹھا سکتا ہے دل ایسا قدم کیا

انہیں تو رازؔ دیکھے گا پشیماں

تری آنکھیں نہ ہو جائیں گی نم کیا