نگاہ شوق تجھے کامیاب کس نے کیا
Rafi Badayuniنگاہ شوق تجھے کامیاب کس نے کیا
دل تباہ کو خانہ خراب کس نے کیا
کتاب غم کی کئی لوگ لکھ رہے تھے مگر
ہمارے نام اسے انتساب کس نے کیا
خموش درد کو اظہار کی زباں دے کر
خود اپنے آپ کو یوں بے نقاب کس نے کیا
امید تھی تو محافظ شکستہ کشتی کی
یہ کیا بتائیں اسے زیر آب کس نے کیا
اجارہ داریٔ قلب و نظر کا جھگڑا تھا
دل و نظر میں یہ پیدا حجاب کس نے کیا
سہارا آپ کی جانب سے کچھ نہ کچھ تو ملا
میں اک دعا تھا مجھے مستجاب کس نے کیا
یہ بحث ختم ہی ہو جائے اب تو اچھا ہے
جواب کس کو ملا لا جواب کس نے کیا
وہ شہر جس سے شکایت ہے اب نیا تو نہیں
یہ کس کو ضد تھی اسے انتخاب کس نے کیا