غیر ممکن تو نہیں صاحب عرفاں ہونا

Rafi Badayuni

غیر ممکن تو نہیں صاحب عرفاں ہونا

شرط ہے سنگ ملامت پہ بھی خنداں ہونا

چھوڑ کر لالہ و گل خار بہ داماں ہونا

آج کے دور میں دشوار ہے انساں ہونا

دور حاضر پہ یہ اک طنز نہیں پھر کیا ہے

کوئی انسان نظر آئے تو حیراں ہونا

عین فطرت ہے جنہیں غم ہی ملے ہوں ان کو

کوئی امید نظر آئے تو حیراں ہونا

اپنے حالات کی زنجیر بھی دیکھو لوگو

سب کی قسمت میں کہاں نازش دوراں ہونا

دور جمہور میں بھی جرم ہے حیرت ہے یہی

ایک نادار کے دل میں کوئی ارماں ہونا

حد سے احساس کے بڑھنے کا ہے انجام رفیعؔ

اپنی ہستی کے لئے آپ ہی زنداں ہونا