آئنہ دیکھنا انگشت بدنداں رہنا

Om Krishn Rahat (b. 1925)

آئنہ دیکھنا انگشت بدنداں رہنا

اس نے تو ہم کو بھی سکھلا دیا حیراں رہنا

ڈگمگا جائیں قدم راہ طلب میں کس وقت

تو مرے ساتھ مرے شوق گریزاں رہنا

دل نازک کو لگانا تھا ٹھکانے یا رب

اس کے بس کا نہیں نزدیک رگ جاں رہنا

جو ہوا طور پہ اس میں نہیں حیرت کوئی

ابن آدم کی تو تقدیر ہے حیراں رہنا

تیرے معیار پہ اے زندگی رہنا ہے کٹھن

سیکھ لے تو ہی مری شان کے شایاں رہنا

میں تو کر گزروں گا جو دل میں مرے آئے گی

مجھ کو منظور نہیں اپنا نگہباں رہنا

اس کی نظروں میں کہیں یہ بھی عبادت ہی نہ ہو

عمر بھر خود سے مرا دست و گریباں رہنا

دور حاضر کی بدلتی ہوئی ان قدروں میں

کتنا دشوار ہے انسان کا انساں رہنا