اب یہی صورت دیدار بنا لیتے ہیں
Omaima Yusufاب یہی صورت دیدار بنا لیتے ہیں
ان سے ملنے کا حسیں خواب سجا لیتے ہیں
ہم وہی لوگ تھے ہر بات پہ رونے والے
ہم جو اشکوں کو بھی اب راز بنا لیتے ہیں
ہم ہیں بے رحمیٔ حالات سے واقف پھر بھی
آنکھ میں روز نئے خواب سجا لیتے ہیں
شہر جاناں کے سبھی لوگ ہیں دشمن میرے
دیکھ لینے کو بھی افسانہ بنا لیتے ہیں
کاسۂ چشم کو خیرات میں آنسو دے کر
دل سے یہ بوجھ اداسی کا ہٹا لیتے ہیں
زندگی دیکھتے رہتے ہیں تجھے حیرت سے
اور دیوار سے بس سر کو ٹکا لیتے ہیں