وقت خود سر ہے سدا اپنی ہی من مانی کرے

Kabir Ahmad Jaisi (1934–2013)

وقت خود سر ہے سدا اپنی ہی من مانی کرے

بہتا دریا آگ کر دے آگ کو پانی کرے

ٹوٹ ہی جائے الٰہی یہ جمود بے اماں

آگ برسائے فلک دریا ہی طغیانی کرے

بچوں کی سی خواہشوں میں عمر ساری کٹ گئی

تیر سے چاہا تھا زخموں کی نگہبانی کرے

جس میں باقی رہ گئی ہے تیری تھوڑی سی مہک

زندگی اس ایک لمحے میں ہی زندانی کرے

دشت بے پایاں میں اک تنہا مسافر ہوں صباؔ

جانے میرا حشر کیا غول بیابانی کرے