کتنا دشوار ہے جذبوں کی تجارت کرنا

Liaqat Jafri

کتنا دشوار ہے جذبوں کی تجارت کرنا

ایک ہی شخص سے دو بار محبت کرنا

جس کو تم چاہو کوئی اور نہ چاہے اس کو

اس کو کہتے ہیں محبت میں سیاست کرنا

سرمئی آنکھ حسیں جسم گلابی چہرا

اس کو کہتے ہیں کتابت پہ کتابت کرنا

دل کی تختی پہ بھی آیات لکھی رہتی ہیں

وقت مل جائے تو ان کی بھی تلاوت کرنا

دیکھ لینا بڑی تسکین ملے گی تم کو

خود سے اک روز کبھی اپنی شکایت کرنا

جس میں کچھ قبریں ہوں کچھ چہرے ہوں کچھ یادیں ہوں

کتنا دشوار ہے اس شہر سے ہجرت کرنا