تمام عمر مرے دل کو یہ غرور رہا
Jagan Nath Azad (1918–2004)تمام عمر مرے دل کو یہ غرور رہا
کہ ایک لمحے کو یہ بھی ترے حضور رہا
جنون دل کہ ہمیشہ خرد سے دور رہا
ترے حضور رہا جب تو با شعور رہا
یہ تجھ سے دور رہا یا ترے حضور رہا
عجب مزاج ہے دل کا کہ ناصبور رہا
کب اتنا ہوش مجھے تھا کہ اب بتا بھی سکوں
ترے قریب رہا میں کہ تجھ سے دور رہا
بس اتنی یاد ہے اب کیفیت حضوری کی
دل و نگاہ میں اک عالم سرور رہا
کسی طرح بھی کہیں اور یہ رہا ہو مگر
جنوں مرا تری محفل میں با شعور رہا