لہجے کو پھول لفظ کو جگنو اگر کریں
Ghayas Mateen (b. 1939)لہجے کو پھول لفظ کو جگنو اگر کریں
وقت رواں کے ساتھ معانی سفر کریں
اندر کی بارشوں نے جو منظر دکھائے ہیں
باہر کی دھوپ چھاؤں کو اس کی خبر کریں
موسم پرندے دھوپ کی دیوار شب چراغ
قصہ طویل ہونے لگا مختصر کریں
اب نیند سی ہے نیند نہ اب خواب سا ہے خواب
سڑکوں پہ جاگ جاگ کے عمریں بسر کریں
منظر کو درمیان سے اپنے ہٹا کے دیکھ
ممکن ہے پھر متینؔ کی باتیں اثر کریں