کبھی ہمارے لئے تیغ بے نیام کرو
Habab Hashmiکبھی ہمارے لئے تیغ بے نیام کرو
جو داستاں ہے تمہاری اسے تمام کرو
خلوص اور محبت سے نیک کام کرو
یہ مے کدہ ہے سبھی کو شریک جام کرو
جو میکدے سے نکالے گئے تو کیا ہوگا
میں محتسب ہوں یہاں میرا احترام کرو
تمہارے قرب سے دل کو سکون ملتا ہے
مرے قریب ہی بیٹھو نہ کچھ کلام کرو
وہ ایک شام کہ جس پر نثار صبح ازل
وہ ایک شام کبھی تم ہمارے نام کرو
کہاں نجات کی صورت ہے قید ہستی سے
کسی طرح اسی زنداں میں صبح و شام کرو
حبابؔ ہستئ موہوم کا بھروسہ کیا
مسافروں کی طرح بس یہاں قیام کرو