کسی کا سایا نہ آنچل ہمارے ساتھ ہوا

Faiz Khalilabadi (b. 1980)

کسی کا سایا نہ آنچل ہمارے ساتھ ہوا

تمہارے بعد بہت چھل ہمارے ساتھ ہوا

ہمارے سائے سے جس کو شدید نفرت تھی

وہ شخص آ کے مکمل ہمارے ساتھ ہوا

ہمیشہ اپنی محبت کے ہاتھوں قتل ہوئے

یہ حادثہ بھی مسلسل ہمارے ساتھ ہوا

نکل نہ پائے محبت ترے حصار سے ہم

ہمارا عشق بھی پیدل ہمارے ساتھ ہوا

اسے بھی دیکھ لیا تھا ہوائے وحشت نے

وہ اک چراغ جو پاگل ہمارے ساتھ ہوا

دوبارہ ترک تعلق پہ مشورہ کریں گے

جو پہلا عشق کسی پل ہمارے ساتھ ہوا