غم جاناں عیاں نہ ہو جائے
Lateef Nazi (b. 1930)غم جاناں عیاں نہ ہو جائے
زندگی رائیگاں نہ ہو جائے
تو نظر ہی نہ آ خدا کے لئے
پھر تمنا جواں نہ ہو جائے
دل جو جلتا ہے تیری فرقت میں
یہ دھواں آسماں نہ ہو جائے
مٹ نہ جائے یہ چاشنی غم کی
ہم پہ وہ مہرباں نہ ہو جائے
گفتگو میں ہو احتیاط تجھے
راز دل کا عیاں نہ ہو جائے
کر رہا ہے مقابلہ دشمن
یا خدا کامراں نہ ہو جائے
کیوں حسینوں سے ملتے ہو نازیؔ
وہ کہیں بد گماں نہ ہو جائے