ہو گیا ہم پہ جو نہ تھا ہونا
Daud Naseebہو گیا ہم پہ جو نہ تھا ہونا
زندگی تجھ سے کیا خفا ہونا
کس قدر ہے برا زمانے میں
آدمی کا ذرا برا ہونا
دو گھڑی کے لئے ترا ملنا
زندگی بھر کا ہے جدا ہونا
اس نے بڑھ کر مجھے سنبھالا ہے
کام آیا شکستہ پا ہونا
رات کٹتی ہے جس کی آنکھوں میں
پوچھئے اس سے صبح کا ہونا
یہ زمانے کی تیز دھوپ نصیبؔ
اور اپنا برہنہ پا ہونا