کھوج کی اور نشاں سے کود گیا
Daniyal Zaman (b. 1996)کھوج کی اور نشاں سے کود گیا
میں کہاں تھا کہاں سے کود گیا
ہاں یہ رفتار کی نئی حد ہے
ہاں یقیں اس گماں سے کود گیا
چلتے چلتے پہنچ گیا تھا یہاں
رکتے رکتے یہاں سے کود گیا
آسمانوں پہ رہنے والا بھی
ایک دن آسماں سے کود گیا
عقل تھی عشق تھا جنوں تھا جو
مجھ سے پہلے وہاں سے کود گیا
اپنی گہرائی ناپنی تھی مجھے
سو میں کوہ زماں سے کود گیا