اوصاف آب کے ہیں تو تاثیر آگ کی

Daniyal Zaman (b. 1996)

اوصاف آب کے ہیں تو تاثیر آگ کی

ہر زاویے سے کھینچ لی تصویر آگ کی

کس روشنی کے ہاتھ ہے تسکین کا خراج

جلتی ہے ہر چراغ میں تقدیر آگ کی

صحرا کے حرف حرف میں پانی کا انتظار

پھولوں کے لفظ لفظ میں تشہیر آگ کی

جا پوچھ انجماد کے نقطے سے خصلتیں

عجلت شعار برف کا تاخیر آگ کی

اترے ہیں سات رنگ اسی فکر گاہ پر

سوجھی تھی آٹھویں کو بھی تدبیر آگ کی

اب تک مری زباں پہ ہیں چھالے پڑے ہوئے

پوچھی تھی ایک شخص نے تفسیر آگ کی