اشکوں کو چن کے آنکھوں میں بویا کریں گے ہم

Faisal Fehmi

اشکوں کو چن کے آنکھوں میں بویا کریں گے ہم

رونا تمام شہر کا رویا کریں گے ہم

خواب عدم سے ڈھونڈ کے لائیں گے روشنی

پھر زندگی میں دھوپ پرویا کریں گے ہم

خون جراحت دل ناکردہ کار سے

آئینۂ حیات کو دھویا کریں گے ہم

پہلے تمام شہر کو صحرا بنائیں گے

پھر وحشتوں کی ریت پہ سویا کریں گے ہم

لفظوں کو حرف حرف پروئیں گے شعر میں

لفظوں سے انحراف بھی گویا کریں گے ہم