زندگی وقف غم و حسرت و آلام سہی

Kaleem Saronji (b. 1921)

زندگی وقف غم و حسرت و آلام سہی

آپ دے دیں تو یہی عشق کا انعام سہی

نہ سہی ان کی محبت کا اثر اے ہمدم

دل کو احساس غم گردش ایام سہی

بے نیاز خم و پیمانہ رہے ہم لیکن

آج ساقی کی عنایت ہے تو اک جام سہی

اس نے دیکھا تو سہی دل کو بہ احساس وفا

پھر بھی افسانہ مرا تشنۂ انجام سہی

رہرو شوق یہ واماندگی شوق ہے کیا

دور منزل ہے اگر اور بھی دو گام سہی

آ بھی جائیں کہ نکل جائے مری حسرت دید

ان کا آنا ہے اگر موت کا پیغام سہی