مانا کہ میں اک نغمۂ بے صوت و صدا ہوں
Kaleem Saronji (b. 1921)مانا کہ میں اک نغمۂ بے صوت و صدا ہوں
بھٹکے ہوئے لوگوں کے لئے بانگ درا ہوں
تصویر بنا لوں تری جس رنگ میں چاہوں
بندہ ہوں مگر اپنے تخیل کا خدا ہوں
فطرت ہے مری مثل مزاج گل خنداں
ہنستے ہوئے ہر موڑ پہ لوگوں سے ملا ہوں
خاموش سمندر ہوں کہ ٹھہرا ہوا طوفاں
اس سوچ میں صدیوں سے میں ساحل پہ کھڑا ہوں
آج اپنے اسی شہر میں یہ حال ہے لوگو
اک پھول کی مانند میں کانٹوں میں گھرا ہوں