اس چمن زار کو صحرا نہ بناؤ یارو

dagh Niyazi (b. 1954)

اس چمن زار کو صحرا نہ بناؤ یارو

اپنے ہاتھوں سے نشیمن نہ جلاؤ یارو

چوٹ لگتے ہی بکھر جائے گا آئینۂ دل

سنگ دل مت بنو پتھر نہ اٹھاؤ یارو

اس نے چاہا تو لیا کام ابابیلوں سے

اس کے دربار میں سر اپنا جھکاؤ یارو

درج تاریخ کے اوراق میں ہونا ہے تمہیں

اس قدر خود کو نہ مجبور بناؤ یارو

عظمت خاک وطن پر نہ کہیں حرف آئے

ہے وطن خطرے میں اب ہوش میں آؤ یارو

مجھ کو ہے خوف کہ آنسو نہ برس جائیں کہیں

شیشۂ دل کو نہ تم ٹھیس لگاؤ یارو

ڈوبے کشتی نہ کہیں داغؔ کے ارمانوں کی

بحر جذبات میں طوفان اٹھاؤ یارو