جیسے اس بستی سے ناراض خدا لگتا ہے
Danish Aligarhi (b. 1931)جیسے اس بستی سے ناراض خدا لگتا ہے
اپنا ہی گاؤں مجھے آج برا لگتا ہے
چاند کی سطح پہ پتھر کے سوا کچھ بھی نہیں
دور سے دیکھو تو ہر چہرہ بھلا لگتا ہے
چند باتوں سے سمجھ لیتے ہیں ہم انساں کو
چند موجوں سے ہی طوفاں کا پتا لگتا ہے
دیکھنے والی نگاہوں سے جو دیکھو اس کو
چاندنی رات میں سورج کی حیا لگتا ہے
ایک ہی شخص کا ہر وقت تصور دانشؔ
اس سے کیا رشتہ ہے کیا ناطہ ہے کیا لگتا ہے