شمع جلے ہے محفل محفل خاک بسر پروانہ ہے
Badr Shamsiشمع جلے ہے محفل محفل خاک بسر پروانہ ہے
اس دنیا میں درد پرایا سچ ہے کس نے جانا ہے
بات فقط اتنی ہے واعظ دور کا ڈھول سہانا ہے
ورنہ جنت اپنی جگہ ہے مے خانہ مے خانہ ہے
ان کے جلوے میری نگاہیں دونوں ہیں کچھ فرق نہیں
مان لیا عنوان الگ ہیں لیکن ایک فسانہ ہے
ترک راہ و رسم وفا کا ہے ان پر الزام غلط
آج بھی اپنی خلوت دل میں ان کا آنا جانا ہے
آتے آتے آ جائے گا چین بھی غم کے ماروں کو
بھرتے بھرتے بھر جائے گا دل کا زخم پرانا ہے
بدرؔ ہمارے شیشۂ دل میں ہیں اس کی تصویر سبھی
جس کو سب کعبہ کہتے ہیں وہ بھی اک بت خانہ ہے