تصویر مسرت ہے کہ غم کھوئے ہوئے ہیں
Badr Shamsiتصویر مسرت ہے کہ غم کھوئے ہوئے ہیں
کچھ اشک سر دیدۂ نم کھوئے ہوئے ہیں
مل کر بھی جدا رہنا ہے تقدیر محبت
وہ سامنے آئے ہیں تو ہم کھوئے ہوئے ہیں
ہیں زخم جگر محو مناجات محبت
یا ذکر الٰہی میں صنم کھوئے ہوئے ہیں
اس وقت نہ پائے گی ہمیں گردش دوراں
اس وقت تری یاد میں ہم کھوئے ہوئے ہیں
ان جاگتی آنکھوں میں سلگتے ہیں ابھی تک
کچھ خواب جو خود اپنا بھرم کھوئے ہوئے ہیں
خود سے بھی ملاقات نہیں تجھ سے بچھڑ کر
ہم بھی تری یادوں کی قسم کھوئے ہوئے ہیں
ہے کوئی جو آ کر ترے کوچہ کا پتہ دے
کچھ لوگ سر دیر و حرم کھوئے ہوئے ہیں
احساس کو الفاظ کا پیکر نہیں ملتا
تحریر کی وادی میں قلم کھوئے ہوئے ہیں
اب دل میں نہیں بدرؔ کوئی نقش تمنا
سائے پس دیوار حرم کھوئے ہوئے ہیں