ایسا محسوس ہوا ہے ترے انعام کے بعد
Chand Kakralvi (b. 1979)ایسا محسوس ہوا ہے ترے انعام کے بعد
جیسے مزدور کو مزدوری ملے کام کے بعد
یہ محبت کا سفر ایسا سفر ہوتا ہے
جس میں محسوس تھکن ہوتی ہے آرام کے بعد
میرے بستر پہ مری لاش پڑی رہتی ہے
اپنے پیکر سے نکل جاتا ہوں میں شام کے بعد
گفتگو ختم اسی واسطے کر دی میں نے
کون سا نام لیا جاتا ترے نام کے بعد
ذی شعور اس میں کہاں اہل جنوں جیتتے ہیں
ابتدا ہوتی ہے جس کھیل کی انجام کے بعد